ہندوارہ کے گنیش مندر میں33برس بعد گھنٹی بجی کشمیری پنڈتوں کی حاضری اور پوجا، اکثریتی فرقے کا خیر مقدم

 اشرف چراغ

ہندوارہ //ہندوارہ رازدان محلہ میں قائم 100سال سے زائد برس پرانے گنیش مندر میں قریب 33برس کے بعد گھنٹی بجی۔ اس موقع پر کشمیری پنڈتوں کی ایک خاصی تعداد موجود تھی۔یہاں1990 کی طرح آج تہری ( پرشاد)بانٹنے کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا۔ اس موقع پر سول سوسائٹی کے اراکین پنڈتوں کے ساتھ شانہ بشانہ رہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ سناتن دھرم سبھا ہندوارہ نے رازدان محلہ میں واقع گنیش مندر کو 33 سال بعد اس کی سابقہ شان بحال کیا اور اس کی تزئین و آرائش اور پرانے تباہ شدہ مورتیوں کو تبدیل کرنے کے بعد نیا شیو لنگم نصب کیا۔ مقامی مسلمانوں نے تزئین و آرائش کے کاموں میں وقتاً فوقتاً تعاون کیا۔اس موقع پر ہون بھی ہوا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے پنڈتوں نے بتایا کہ مندر کو قریب 33سال بعد پھر سے بحال کیا گیا اور مندر کی دوبارہ مرمت اور صفائی کرنے کے لئے مقامی لوگوں نے بھی پنڈتوں کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا یہ کافی پرانا مندر ہے جو کافی خستہ ہوا تھا اور آج ہندوارہ کے مسلم برادری اور پنڈتوں نے مل کر اس مندر کی مرمت رنگ روغن کرکے پھر سے قابل دیدبنایا ہے۔