گوہلد مینڈھر میں بنکروں کی تعمیر باعث نزاع عوام کا گھروں کی بجائے سڑک کنارے بنکر بنانے کا الزام

جاوید اقبال

مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کے سرحدی علاقہ گوہلد سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بینکروں کے معاملہ کو لیکر سرکار نے کروڑوں روپے لوگوں کی جانِ و مال کی حفاظت کیلئے خرچے اور بے شماربینکربھی بنائے لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ اور دیہی ترقی کے اعلیٰ آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صرف سڑک کے اوپر بنکربنوائے گئے ہیں اور زیادہ تعداد میں لوگوں کو بغیر بنکروں کے چھوڑ دیا ہے اور وہ لوگ پاکستانی فائرنگ اور گولہ باری کے دوران خطرے سے خالی نہیں ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ہماری جان و مال کی حفاظت کون کرے گا ۔اُنکا کہنا تھا کہ بنکر بنانے والے ٹھیکیداروں نے متعلقہ محکمہ کے ملازمین کی ملی بھگت سے سڑک کے کنارے پر بنا دئے اور جن لوگوں کے گھروں کے پاس سڑک نہیں ہے وہاں پر بنکر نہیں بنائے گئے اور وہ لوگ خطرے سے خالی نہیں ہیں۔لوگوںنے کہا کہ اِس سلسلہ میں انہوں نے کئی بار انتظامیہ سے بات کی لیکن اس وقت تک بنکر نہیں بنے اُنہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی کہ سڑک سے دور رہنے والے لوگوں کے گھروں کے پاس بنکر بنوائے جائیں اور ایک ویجی لینس کی ٹیم بھی سرحدی علاقہ میں بھیجی جائے جو انکوائری کرے اور اُن ملازمین کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے جن لوگوں نے سرکار کے فنڈز کا غلط استعمال کیا ہے ۔