کسٹمر کارڈ کا استعمال کرتے ہوئے رقم نکالنے پر اے ٹی ایم گارڈ گرفتار

سید اعجاز

پلوامہ // جموں و کشمیر پولیس نے جمعرات کو ایک اے ٹی ایم گارڈ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جو مبینہ طور پر جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں ایک صارف کے کارڈ کا استعمال کرتے ہوئے رقم نکال رہا تھا۔پولیس نے کہا کہ 14 نومبر 2022 کو پولیس سٹیشن راجپورہ کو تجن کے رہنے والے محمد یوسف ڈار ولد عبدالغنی کی طرف سے تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں کہا گیا تھا کہ ایک نامعلوم شخص نے اس کے اکاؤنٹ سے 28,000 روپے کی رقم چوری کر کے نکال لی ہے۔پولیس سٹیشن راج پورہ میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی جس کے دوران تکنیکی وسائل کی مدد سے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔پولیس نے کہا کہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم نے ماسک پہنے ہوئے ڈلی پورہ پلوامہ اے ٹی ایم مشین میںمذکورہ شخص کا اے ٹی ایم کارڈ استعمال کرکے رقم نکالی ہے۔مزید تفتیش کے نتیجے میں ایک مشتبہ شخص کی شناخت ہوئی جس کی شناخت شبیر احمد پوسوال ولد محمد قاسم (پکھر پورہ اے ٹی ایم گارڈ) کے نام سے ہوئی جو سونا بنجرپکھر پورہ کا رہائشی ہے جسے پوچھ گچھ کے لیے لایا گیا اور مسلسل پوچھ گچھ کے دوران اس نے اپنے جرم کا اعتراف کیا اور اس کے انکشاف پر 28 ہزارروپے کی رقم اور مختلف صارفین کے چار دیگر اے ٹی ایم کارڈ برآمد ہوئے۔