کانگریس و علاقائی سیاسی پارٹیوں نے جموں وکشمیر کو اقتصادی اور سیاسی طور پر تباہ کیا ادھم پور-ڈوڈہ-کٹھوعہ پارلیمانی سیٹ پر بی جے پی کلین سویپ کرنے کیلئے تیار: رینہ

عظمیٰ نیوز سروس

رام بن// اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رویندر رینہ نے کہا کہ این سی، کانگریس اور پی ڈی پی پوری طرح سے بدعنوانی، اقربا پروری اور بے ایمانی سے بھری ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان جماعتوں نے اپنے فریب سے سابقہ ریاست جموں و کشمیر کو تباہ کر دیا ہے اور اب یہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی ہے جو ان سنگین غلطیوں کو درست کر رہی ہے۔رویندر رینہ، صدر، بھارتیہ جنتا پارٹی، جموں و کشمیرنے ادھم پور-ڈوڈہ-کٹھوعہ پارلیمانی حلقہ کے بانہال اور رام بن اسمبلی حلقوں کے ناشری، میترا، بٹوٹ، رامسو، اکھڑال، پوگل-پرستان، نیل، سونی کڈما اور دیگر علاقوں میں عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے 10 سالوں کے تمام ترقی پر مبنی ریکارڈ کے ساتھ، بی جے پی ادھم پور-ڈوڈہ-کٹھوعہ پارلیمنٹ سیٹ پر کلین سویپ کرنے کے لئے تیار ہے۔رویندر رینہ کے ساتھ ضلع صدر راجیشور کمار، ڈی ڈی سی راکیش ٹھاکر، ڈی ڈی سی رینوکا کٹوچ، ڈی ڈی سی جگبیر داس، ڈی ڈی سی بلبیر سنگھ، سلیم بھٹ، اعزاز احمد بٹو، سرپنچ محمد حنیف وانی، نواز حسین وانی، منڈل صدر ریاض احمد، رنجیت سنگھ، اور دیگر موجود تھے۔رویندر رینہ نے ضلع رام بن میں اپنی متعدد عوامی میٹنگوں کے دوران این سی ،کانگریس اور پی ڈی پی کی قیادت والی ماضی کی حکومتوں پر شدید حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان جماعتوں نے جموں و کشمیر اور لداخ کو جذباتی، سماجی، اقتصادی اور سیاسی طور پر تباہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان پارٹیوں نے نوجوانوں، خواتین اور مہاجرین، پہاڑیوں، ایس ٹی، ایس سی، اور او بی سی جیسی کمیونٹیز کے حال اور مستقبل کو بری طرح نقصان پہنچایا اور خوبصورت ریاست کو متعدد طریقوں سے نقصان پہنچایا۔عوام سے خطہ میں امن اور ترقی کے لئے ووٹ دینے اور تفرقہ انگیز طاقتوں کو شکست دینے کے لئے کہتے ہوئے رینہ نے کہا کہ مودی حکومت نے جموں و کشمیر کو کثیر جہتی نقطہ نظر سے ترقی دینے کا وژن لایا ہے۔موصوف نے کہاکہ مودی حکومت نے نئے میڈیکل کالج، نرسنگ کالج، پیرا میڈیکل کالج، آئی آئی ٹی ،آئی آئی ایم اور ایمز ،کینسر ہسپتال، ڈگری کالج، اور انجینئرنگ کالج، نئی انڈسٹریل اسٹیٹس، ای بسیں، بڑی سرمایہ کاری، اسمارٹ سٹی، سڑکیں، شاہراہیں دی ہیں۔رینہ نے کہا اور تمام ووٹروں سے ایم پی امیدوار ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے حق میں بڑے پیمانے پر ووٹ دینے کی اپیل کی۔