پاکستان کا سری لنکا دورے کیلئے ٹیسٹ ٹیم کا اعلان، یاسر شاہ کی واپسی

یو این آئی

کولمبو/اسلام آباد//کپتان بابر اعظم کی قیادت میں پاکستانی ٹیم دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے جولائی میں سری لنکا کا دورہ کرے گی۔ سری لنکا کرکٹ نے بدھ کو یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں یہ معلومات دی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 16 سے 20 جولائی تک گالے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 24 جولائی تک پریم داسا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ سری لنکا کے لیے 18 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں یاسر شاہ اور سلمان علی آغا کی واپسی ہوئی ہے ۔

پاکستان نے آخری بار 2015 میں سری لنکا کا دورہ کیا تھا جہاں مہمان ٹیم نے تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیتی تھی۔ ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس دورے کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے ۔ پاکستان کے ٹاپ لیگ اسپنر یاسر شاہ اس دورے پر ٹیم میں واپس آ رہے ہیں۔ 36 سالہ یاسر انگوٹھے کی انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہوگئے تھے تاہم اب انہیں دورہ سری لنکا کے لیے 18 رکنی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ اسپن آل راؤنڈر محمد نواز کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جب کہ ان کیپڈ سلمان علی آغا کو پہلی بار ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ 16 سے 20 جولائی تک گال جبکہ دوسرا 24 سے 28 جولائی تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کے لیے ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آغاز 26 جون سے راولپنڈی میں ہوگا جبکہ ٹیم6 جولائی کو سری لنکا روانہ ہوگی۔ ٹیم میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان محمد رضوان، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، سرفراز احمد، سلمان علی آغاز، سعود شکیل، شان مسعود، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، محمد نواز، نسیم شاہ، فہیم اشرف، نعمان علی، شاہین شاہ آفریدی اور یاسر شاہ شامل ہیں۔