نتیش کمارکی کھڑگے اور راہل سے ملاقات

نئی دہلی// اگلے سال مجوزہ عام انتخابات کے پیش نظر اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے میں مصروف بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پیر کو یہاں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور پارٹی لیڈر راہل گاندھی سے ملاقات کرکے اپوزیشن اتحاد سے متعلق تفصیلی بات چیت کی۔ کمار شام 4.30 بجے کے قریب 10راجا جی مارگ پر کھڑکے کی رہائش گاہ پہنچے جہاں گاندھی اور دیگر لیڈران کھڑکے کے ساتھ پہلے ہی ان کا انتظار کر رہے تھے ۔ ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔اس میٹنگ کے بعد کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے اور اس سلسلے میں حکمت عملی طے کے لئے اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کی ایک ایج میٹنگ منعقد کی جائے گی جس میں مختلف پارٹیوں کے لیڈران شامل ہوں گے ۔ میٹنگ کب ہو گی اس کے بارے میں اس ہفتے اعلان کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بنگلورو میں وزیر اعلیٰ سدارامیا کی حلف برداری کی تقریب میں مسٹر کمار کے ساتھ 18 اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں نے شرکت کی تھی۔