نتیش اور لالو کی سونیا سے ملاقات

نئی دہلی// بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار اور سابق وزیر اعلی لالو پرساد یادو نے مرکز میں حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے خلاف اپوزیشن اتحاد میں مصروف ہیں، نے آج یہاں کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔واضح رہے کہ مسٹر کمار اور مسٹر یادو نے محترمہ گاندھی سے 2024 کے عام انتخابات میں اپوزیشن کے اتحاد اور موجودہ سیاسی ماحول کے بارے میں بات کی ہے۔

دونوں لیڈروں کی محترمہ گاندھی سے ملاقات پہلے سے طے تھی۔محترمہ گاندھی سے ملاقات کے بعد جنتا دل یو لیڈر اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے نامہ نگاروں کو بتایاکہ ’’ہم دونوں نے ایک ساتھ میڈم سے بات کی ہے۔ ہم سب کو متحد ہو کر قوم کے لیے کام کرنا ہے۔ بی جے پی کو ہٹانا ہوگا اور ملک کو بچانا ہوگا۔ ملک میں آمریت بڑھ رہی ہے۔

“یہ پہلے سے طے شدہ میٹنگ تھی جس کے لیے راشٹریہ جنتا دل کے لیڈر لالو یادو نے پٹنہ میں پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ وہ اور مسٹر کمار محترمہ گاندھی سے ملیں گے۔ دونوں رہنما عام انتخابات کے لیے تمام جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر اپوزیشن کو متحد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اس سے پہلے دونوں رہنما آج ہریانہ میں تھے جہاں انہوں نے سابق نائب وزیر اعظم دیوی لال کے 109ویں یوم پیدائش پر منعقد ‘سمان دیوس ریلی’ میں شرکت کی۔ اس ریلی کا اہتمام دیوی لال کے بیٹے اور ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ اور انڈین نیشنل لوک دل (آئی این ایل ڈی) کے سربراہ اوم پرکاش چوٹالہ نے کیا تھا۔۔