مہاراشٹرسیاسی بحران، ٹھاکرے نے 9 باغی وزرا کے قلمدان چھین لئے

ممبئی// مہاراشٹر میں جاری سیاسی شہ اور مات کے کھیل کے درمیان وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے اہم اقدام لیتے ہوئے پیر کے روز ایکناتھ شندے سمیت دیگر تمام باغی وزرا کے قلمدانوں کو چھین لیا۔ ان قلمدانوں کو دیگر وزرا میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اس تعلق سے ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ عوامی مفاد کے کام ٹھہر نہ جائیں اس لئے وزرا میں قلمدانوں کی تقسیم کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق ایکناتھ شندے کا شہری ترقی، تعمیرات عامہ (عوامی ادارے) کا قلمدان سبھاش دیسائی کو گراب راو رگھوناتھ پاٹل کا آبی ترسیل اور حفظان صحت کا قلمدان انیل دتاتریہ کو، دادا جی دگڑو بھوسے کا زرعی اور سابق فوجی بہبود کا قلمدان سندیپن آسارام بھومارے کو دیا گیا ہے۔ وہیں باغبانی کا قلمدان آدتیہ ٹھاکرے اور تکنیکی تعلیم کا قلمدان ادے سامنت کو سونپا گیا ہے۔اسی طرح عبدالستار کے تین قلمدان پراجکت تنپورے، ستیج پاٹل اور ادیتی تٹکرے کو سونپے گئے ہیں۔