مؤثر ٹریفک مینجمنٹ اور روڈ سیفٹی اقدامات کیلئے تکنیکی مداخلت وقت کی ضرورت: بھٹناگر جموں وکشمیرروڈسفیٹی کونسل کی 9ویں میٹنگ  | سڑک کی حفاظت کے مختلف اقدامات کیلئے 5.27 کروڑ روپے کی رقم منظور

جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے بدھ کو کہا کہ ٹریفک مینجمنٹ ٹیکنالوجی پرمبنی بن گئی ہے اور جموںوکشمیر میں مؤثر ٹریفک مینجمنٹ اور روڈ سیفٹی اقدامات کے لئے ضروری تکنیکی مداخلت وقت کی ضرورت ہے۔مشیر موصوف نے اِن باتوں کا اِظہار آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں جے اینڈ کے روڈ سفیٹی کونسل ( آر ایس سی ) کے 9ویں میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی شیلندر کمار ، صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، سیکرٹری ٹرانسپورٹ محکمہ پرسنا رامسوامی جی، سیکرٹری صحت و طبی تعلیم بھوپندر کمار، ٹرانسپور ٹ کمشنر جے اینڈ کے راہل شرما، کمشنر جے ایم سی راہل یادو، آئی جی پی ٹریفک جے اینڈ کے وکرم جیت سنگھ ، ڈائریکٹر جنرل بجٹ ، چیئر پرسن پی سی بی ، وِی سی جے ڈی اے ، ڈائریکٹر ہیلتھ جموں ، چیف اِنجینئر پی ایم جی ایس وائی ، آر ٹی او جموں / کشمیر ، ایس ایس پی ٹریفک جموں ، ایس ایس پی ٹریفک سٹی سری نگر ، این ایچ اے آئی ، این ایچ آئی ڈی سی ایل ، بیکن ، ایس ڈی اے اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کے نمائندوں نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ سڑک حادثات میں اہم کردار اَدا کرنے

والے عوامل کی نشاندہی کریں اور اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے مناسب اقدامات کئے جائیں کہ حادثات کو زیادہ سے زیادہ ممکنہ حد تک روکا جائے۔اُنہوں نے اَفسران سے مزید کہا کہ وہ ہائی ویز اور دیگر سڑکوں پر موجود نازک بلیک سپاٹس کی فوری نشاندہی کریں اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر ٹھیک کریں۔مشیر موصوف نے کہا کہ روڈ سفیٹی کو یقینی بنانے میں محکمہ ٹریفک کا اہم رول ہے ۔ اُنہوںنے محکمہ کے اَفسران سے کہا کہ حفاظتی قوانین کو حقیقی معنوں میں عملانے کی ضرورت ہے اور حادثات سے نمٹنے کے لئے مؤثر رسپانس سسٹم کے قیام کے لئے ضروری اِصلاحات کی جانی چاہیے۔اُنہوں نے اَفسران سے مزید کہا کہ کرائم اینڈ کریمنل ٹریکنگ نیٹ ورک اینڈ سسٹمز ( سی سی ٹی این ایس) ، روڈ ایکسیڈنٹ ڈیٹا مینجمنٹ سسٹم ( آر اے ڈی ایم ایس ) او راِنٹگریٹیڈ روڈ ایکسیڈنٹ ڈیٹا بیس ( آر اے ڈی ۔I) کے ذریعے حاصل کردہ ڈیٹا کا گہرائی سے تجزیہ کیا جائے ۔

حفاظتی اقدامات کو وضع کرنے میں مددکریں اور کریش کی وجوہات کا تجزیہ کرنے میں مدد کریں۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کو بڑھانے اور اَپ گریڈ کرنے پر زور دیتے ہوئے اَفسران کو تاکید کی کہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کو تربیت دی جائے اور انہیں ضروری سازو سامان فراہم کیا جائے تاکہ وہ اَپنی ذمہ داریاں مؤثر اَنداز میں سر اَنجام دے سکیں۔مشیر موصوف نے محکمہ ٹریفک کے جاری منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ اَفسران پر زور دیا کہ وہ سڑک کی حفاظت کے اقدامات کے لئے مختلف آلات کی ضروری خریداری کے لئے فنڈس کے اِستعمال کو تیز کریں۔

اُنہوں نے افسران سے کہا کہ خریدی گئی گاڑیاں اور دیگر آلات جیسے گشت کرنے والی گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں ، موبائل انٹر سیپٹروں ،کرینیں ، ہائی ٹیک کیمروں اور دیگر کو مطلوبہ جگہوں پر تعینات کیا جائے۔اُنہوں نے پولیس او رمحکمہ ٹرانسپورٹ سے مزید کہا کہ وہ سکولوں،کالجوں اور دیگر اِداروں کو شامل کر کے لوگوں میں روڈ سفیٹی کے حوالے سے بیداری پیدا کرنے کے لئے ٹھوس منصوبہ بنائیں ۔اُنہوں نے ان سے کہا کہ وہ ا،س برس جولائی تک جموں میں اِنسٹی چیوٹ آف ڈرائیونگ ٹریننگ اینڈ ریسرچ ( آئی ڈی ٹی آر ) اور اِنسپکشن اینڈ سر ٹیفکیشن سینٹر ( آئی سی سی )دونوں کو فعال بنانے کے لئے اَپنی کوششوں کو دوگنا کریں اور وہاں کی صوبائی اِنتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے کشمیر کے لئے اسے تیز کریں۔

مزید برآں ، مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے متعلقہ اَفسران کو قومی شاہراہوں پر ٹراما سینٹروں کی حالت ، انٹیلی جنٹ ٹریفک لائٹس سسٹم کی تنصیب ، تجاوزات کے خاتمے ، کریش بیریئروں کی تعمیر اور جہاں ضرورت ہو سڑک کے اِشارے ٹھیک کرنے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ سڑکوں پر ٹریفک اِنتظام کے لئے اِضافی اَفرادی قوت کی ضروریات کو پورا کریں اور محکمہ پولیس کو ان کو پورا کرنے کے لئے ضروری اِنتظامات کرنے کی ہدایت دی۔دورانِ میٹنگ روڈ سفیٹی کونسل( آر ایس سی ) نے ٹریفک کے مؤثر اِنتظام کے ساتھ ساتھ سڑک حفاظتی اقدامات کے لئے کچھ اہم فیصلے لئے۔روڈ سفیٹی کونسل( آر ایس سی )نے میٹنگ میں بریتھ الکحل اینا لائزرز کی 17.39لاکھ روپے کی لاگت سے خریداری اور 4لاکھ روپے کی لاگت سے ٹریفک پولیس کی گاڑیوں کے لئے فرسٹ ریسپانڈر کٹس کی خریداری کی منظوری دی۔آر ایس سی نے کریش بیریئروں ، سائن بورڈ وں ، سائینجز، پیرا پیٹس وغیرہ لگا کر بلیک سپاٹس کی ریکٹفکیشن کے لئے 5کرو ڑروپے کی رقم کی منظوری دی۔اِس کے علاوہ پولیس اہلکاروں کے لئے ایک روزہ بنیادی لائف سپورٹ ٹریننگ کے لئے 6.30لاکھ روپے کی منظوری بھی دی گئی۔