منڈی میں زونل سطحی مقابلے اختتام پذیر

 

عشرت حسین بٹ

منڈی//پونچھ کی تحصیل منڈی میں محکمہ کھیل کود کی جانب سے تین روز قبل شروع کئے گئے انٹر سکول زونل لیول کھیل مقابلے سنیچر کو اختتام پذیر ہو گئے۔ کھیل مقابلوں کے دوران منڈی تعلیمی زون کے چودہ اور ستراں سال کے 242 سے زائد طلبا و طالبات نے والی بال شطرنج بیڈمنٹن کیرم اور کبڈی کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔سنیچر کو کھیلوں کے فائنل مقابلے کروائے گئے جس دوران ہائی سکول بیدار اور منڈی کے ٹیموں کے درمیاں کبڈی میچ کا فائنل مقابلہ کھیلا گیا جو کہ ہائی سکول بیدار نے اپنے نام کیا۔

 

اس موقع پر محکمہ کی جانب سے ایک تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں انچارج ایس ایچ آؤ منڈی شام شرما اور ہیڈ ماسٹر ہائی سکول گھڑیاں ماسٹر خورشید احمد مہمان خصوصی کے طور پر شامل ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے محکمہ یوتھ اینڈ سپورٹس کے اساتذہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے منڈی تحصیل میں کھیل مقابلے کروا کر منڈی کے بچوں کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ منڈی تحصیل میں بچوں کیلئے کھیل کا میدان نہ ہوتے ہوئے بھی اساتذہ کی محنت سے طلباء نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کود کے ذریعہ بچے سماج میں پھیل رہی مختلف برائیوں سے دور رہیں گے اور وہ جسمانی طور پر بھی فٹ رہیں گے۔

 

اس دوران محکمہ یوتھ سروس اینڈ سپورٹس کے زونل فزیکل ایجوکیشن آفسر منڈی سردار راجندر سنگھ نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے منڈی کے سیکلو مقام پر ایک کھیل کا میدان چالیس لاکھ روپے کی لاگت سے تیار کیا جارہا ہے جس کی تعمیر لگ بھگ آخری مرحلے میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کھیل کود کا مقصد ہے کہ وہ طلبا و طالبات کو کھیل کود کے ذریعہ سماجی برائیوں سے دور رکھ کر تعلیمی میدان میں آگے کریں تاکہ وہ زندگی میں بہتر تعلیم حاصل کر کے زندگی کی دوڑ میں آگے بڑھ سکیں۔