ملی ٹینٹوں کو پناہ دینے کا الزام کھریو میں رہائشی مکان ضبط

سید اعجاز

پلوامہ // اونتی پورہ پولیس نے کھریو میں ایک مکان کو ملی ٹینٹوں کو پناہ دینے کے الزام میں سر بمہر کردیا۔پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 20 اگست 2021 کو اونتی پورہ پولیس کو قابل اعتماد ذرائع سے ایک اطلاع ملی کہ ملی ٹینٹوںکا ایک گروپ غلام احمد نجار ولد محمد نجار ساکن ڈنک محلہ کھریو کے گھر میں سازش کر رہا ہے۔

 

اسی مناسبت سے50آر آر اور 185بٹالین سی آر پی ایف کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ تلاشی کارروائی شروع کی گئی۔ جب محاصرہ کیا جا رہا تھا، توچھپے ملی ٹینٹوں نے پولیس/سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں تصادم ہوا۔فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملی ٹینٹ اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے غلام نبی نجار ولد محمد نجار کے گھر میں گھسنے میں کامیاب ہو گئے جو ابتدائی ٹارگٹ والے مکان سے ملحق ہے۔ بعد ازاں ایک بار پھر فائر فائٹ شروع ہو گئی جس کے نتیجے میں 2ملی ٹینٹ مارے گئے، جن کی شناخت بعد ازاں مصیب مشتاق بٹ ولد مشتاق احمد بٹ اور مزمل احمد راتھر ولد نذیر احمد راتھر ساکن چکورہ پلوامہ کے طور پر ہوئی۔اس کیس کے نتیجے میں ایف آئی آر نمبر 57/2021 پولیس اسٹیشن کھریو میں درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئی۔تفتیش کے دوران نظام الدین نجار ولد احمد نجار ساکنہ دانک محلہ کھریو (گھر کے مالک کا بیٹا) کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا کہ وہ بے اثر ملی ٹینٹوں کو جان بوجھ کر پناہ دینے اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کرتا تھا اور اسی کے مطابق اسے گرفتار کر لیا گیا۔اس کے مطابق ملزمین کو جان بوجھ کر پناہ دینے کے لیے ملوث ملزمان کے ذریعے استعمال کیے گئے مکان کو اٹیچ کرنے کے لیے کارروائی شروع کی گئی اور مجاز اتھارٹی کی طرف سے منظوری دی گئی۔مذکورہ حکم کی تعمیل میں اور تفتیشی افسر کو دیئے گئے اختیارات کے تحت رہائشی مکان جس کا تعلق غلام احمد نجار ولد محمد نجار ساکن ڈانک محلہ کھریو کا تھا، کو اٹیچ کیا گیا۔