مغل روڈ پر برفانی تودے گرنے سے بحالی کا کام متاثر | 300 میٹر سڑک صاف پونچھ کی طرف سے اب 1کلومیٹر باقی ،جلد بحالی کی توقع

سمت بھارگو

راجوری//گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ہونے والی چھوٹے پیمانے پر برفانی سلائیڈوں نے مغل روڈ پر 300یٹر سڑک کے حصہ کے ساتھ جاری برف صاف کرنے کی کارروائی کو جزوی طور پر متاثر کیا اوراب پونچھ کی طرف سے پیر کی گلی تک پہنچنے کے لئے ایک کلومیٹر کا حصہ باقی ہے۔جموں و کشمیر حکومت کے مکینیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے اور منگل کی شام تک بفلیاز کی طرف سے 42.3 کلومیٹر سڑک کو صاف کیا گیا ۔مکینیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ انجینئر طارق احمد نے بتایا کہ پیر کی گلی سائیڈ پر گزشتہ دو کلو میٹر کے فاصلے پر سڑک پر کئی چھوٹے پیمانے پر برف کی سلائیڈیں ہوئیں اور تعینات مشینری نے ان سلائیڈوں کو صاف کیا جس کی وجہ سے بدھ کو صرف 300 میٹر سڑک کا حصہ صاف ہو سکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پیر کی گلی تک ایک کلومیٹر سڑک کا حصہ باقی ہے۔تاہم اسسٹنٹ انجینئر نے کہا کہ بدھ کی شام کو علاقے میں تازہ بارش شروع ہوئی اور بارش جاری رہنے کی صورت میں کام متاثر ہونے کی توقع ہے۔مغل روڈ پروجیکٹ کے ایگزیکٹو انجینئر شوکت علی نے بتایا کہ مکینیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کام کر رہا ہے لیکن بدھ کی شام سے تازہ بارش شروع ہو گئی ہے۔انہوںنے کہا’’اگرچہ ہم اس ماہ کے آخر تک اس سڑک کی بحالی کی توقع کر رہے ہیں لیکن اگلے چند دنوں میں بارش کی پیش گوئی ہے اور شدید بارش کی وجہ سے بحالی میں کچھ تاخیر ہو سکتی ہے‘‘۔