عالم دین شیخ علامہ یوسف القرضاوی کاانتقال

دوحہ//یو این آئی// دنیائے اسلام کے ممتاز عالم دین اور کئی کتابوں کے مصنف اور اسلامی موضوعات اور مسائل پر کھل کر اظہار کرنے والے علامہ یوسف القرضاوی اپنے خالق حقیقی سے جاملے ۔

ان کی عمر چھیانوے برس تھی۔پیر کو ان کے انتقال کا اعلان ان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کیا گیا، سال دو ہزار تیرہ میں مصر کے پہلے جمہوری طور پر منتخب صدر محمد مرسی کا تختہ الٹنے والی فوجی بغاوت کے خلاف انہوں نے سخت تنقید کی تھی۔ گزشتہ چار دہائی سے قطر میں قیام پذیر علامہ القرضاوی ایک سو سے زائد کتابوں کے مصنف تھے ، اکثر کتابوں کے ترجمے دنیا کی مختلف زبانوں میں شائع ہوچکے ، اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی آپ کے چاہنے والے لاکھوں کی تعداد میں موجود ہے ۔

علامہ القرضاوی کے معتقدین ومحبین کا ایک بڑا حلقہ ہے جو عرب ممالک سے لے کر یورپ، امریکہ اور برصغیر تک پھیلا ہوا ہے ، آپ کو دنیا بھر میں مجتہد، مجدد اور مفکر کی حیثیت سے جاناجاتا ہے۔ ، آپ کو عالم اسلام میں سب سے بڑے اسلامی اسکالر، فقیہ اور عالم دین کی حیثیت حاصل تھی۔یوسف القرضاوی 1926 کو پیدا ہوئے اور مصر میں اپنی تعلیم مکمل کی اور عملی جدوجہد میں حصہ لیا ۔