نصیرت کیمپ اور رفح پراسرائیلی بمباری، 55ہلاک | غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد 34ہزار سے متجاوز

یواین آئی

غزہ// صیہونی فوج کی جانب سے غزہ کے مظلوم شہریوں پر حملوں سے 24 گھنٹوں میں مزید 55 فلسطینی ہلاک ہوگئے۔صیہونی فوج نے نصیرت کیمپ اور رفح میں بمباری کی جس کے نتیجے میں مزید 55 فلسطینی ہلاک ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں ایک رہائشی عمارت پر بھی حملہ کیا جس سے عمارت تباہ ہوگئی مگر جانی نقصان کا اندازہ نہیں لگایا جاسکا۔ دوسری جانب غزہ کے خان یونس شہر کے نصر میڈیکل کیمپ میں دریافت ہونے والی اجتماعی قبر سے مزید 100 سے زائد افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جس کے بعد نصر میڈیکل کیمپ سے ملنے والی شہدا کی کل لاشوں کی تعداد 283 ہوگئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی اسرائیل میں حزب اللہ کے ڈرون حملے میں زخمی ہونے والا اسرائیلی میجر ہلاک ہوگیا۔اس دوران غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی حملوں میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 34 ہزار 151 ہو گئی ہے۔ حماس کے زیر انتظام وزارت صحت نے پیر کو ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔وزارت نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اسرائیلی فوج کی کارروائی میں 54 فلسطینی جاں بحق اور 104زخمی ہوئے۔ اس سے اسرائیل اور حماس کے تنازع کے آغاز سے اب تک ہلاکتوں کی کل تعداد 34151 اور زخمی ہونے والوں کی تعداد 77084 ہوگئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ملبے کے نیچے اور سڑک کے کنارے اب بھی لوگوں کی لاشیں موجود ہیں لیکن اسرائیلی فوجیوں کی رکاوٹ کے باعث طبی ٹیمیں اور شہری دفاع کے اہلکار لاشوں تک نہیں پہنچ پا رہے ہیں۔