ریاض میں نثری نشست اور مشاعرے کاا ہتمام ممتاز شعرا وصحافیوں کی شرکت ،کتاب’ گونگی چیخ‘ جاری

عظمیٰ نیوزڈیسک

ریاض ( سعودی عرب )// سعودی عرب کی معروف ادبی تنظیم ادبی فورم (آئی ایف سی) کے زیر اہتمام ایک شاندار اور خوبصورت نثری نشست اور مشاعرے کا انعقاد ہوا ، جس میں سماجی مذہبی اور ادبی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس محفل کی صدارت ہندوستان سے آئے معروف شاعر اور ادبی شخصیت رضوان الحق الہ آبادی نے کی۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مشتاق احمد اور قیوم احمد نے شرکت کی۔ یہ نشست دو حصوں پر مشتمل رہی۔ پہلا حصہ نثری اور دوسرا حصہ شعری رہا۔ نشست کا باضابطہ اغاز قاری سہیل کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اور جمیل احمد نے نعت پاک کا نذرانہ پیش کیا۔ اس کے بعد نثر میں معروف صحافی کے این واصف نے انشائیہ خبر پہ شوشہ پیش کیا، تنویر احمد نے افسانہ وائرس اور خواجہ مسیح الدین نے اپنی کتابوں کی اشاعت پر ایک پر اثر انشائیہ مضمون سے سامعین کو محظوظ کیا اور پھر معزز مہمانوں کے ہاتھوں گونگی چیخ افسانوی مجموعے کی رسم اجرا ہوئی جس پر سعید اختر نے اپنا تبصرہ پیش کیا۔اس کے فورا بعد ہی باقاعدہ مشاعرہ کا آغاز ہوا جس میں ہندوستان اور خلیج ممالک سے آئے کئی شعراء نے اپنا معیاری کلام پیش کر کے سامعین سے خوب داد حاصل کی۔