سوپور میں سٹریٹ لائٹس ناکارہ

غلام محمد

سوپور//قصبے سوپور کے مکینوں نے شکایت کی ہے کہ انہیں زبردست پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ یہاں کی سٹریٹ لائٹس گزشتہ آٹھ سالوں سے بند پڑی ہیں اور حکام ان کی مرمت پر کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں۔

 

ایپل ٹاؤن کے لوگوں نے بتایا کہ جیسے ہی شام ڈھلتی ہے پورا قصبہ اندھیرے میں ڈوب جاتا ہے کیونکہ مختلف مقامات پر لگائی گئی اسٹریٹ لائٹس ناکارہ پڑی ہوئی ہیں۔ مکینوں نے بتایا کہ اقبال مارکیٹ، مین چوک، شاہ درگاہ چوک، بس سٹینڈ روڈ، ڈاؤن ٹاؤن، چنخان پل اور مین بازار کی سٹریٹ لائٹس ناکارہ ہیں۔

 

سوپور کے صدر تاجر فیڈریشن حاجی محمد اشرف گنائی نے کہا، “اگرچہ کچھ جگہوں پر چند سال پہلے ہائی مست لائٹس لگائی گئی تھیں لیکن وہ بھی کبھی کبھار کام کرتی ہیں۔” انہوں نے کہا کہ حکام کی جانب سے مارکیٹ کے مختلف مقامات پر مزید ہائی مست لائٹس کی مرمت اور نصب کرنے کی یقین دہانی دھوکہ ثابت ہوئی۔