سورج آگ اُگھلنے لگا| وادی میں پارہ 34ڈگری کو چھو گیا روان موسم کا گرم ترین دن ریکارڈ

اشفاق سعید

سرینگر // وادی کشمیر میں جھلسا دینے والی گرمی لوگوں کے برداشت سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔گرمی کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سرینگر میںبدھ کو رواں موسم کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیااور درجہ حرارات 34.0ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا۔ اس دوران صبح 8بجے سے شام 4بجے تک ہوا میں نمی کا تناسب 69فیصدرہا۔شدید گرمی کے بیچ محکمہ موسمیات نے 30 (جون) اور یکم جولائی کے دوران جموں و کشمیر میں مونسون کی آمد کے امکانات ظاہر کئے ہیں ، جس کا اثر جموں میں پڑتا ہے اور وادی میں مون سون کے اثرات نہیں ہوتے۔بدھ کو 34ڈگری درجہ حرارت کی وجہ سے لوگوں کے برا حال ہوگیا ہے۔

 

اس سے قبل پچھلے سال 27جولائی کو سرینگر میں پارہ 34.6اور کپواڑہ میں 35ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا تھا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں پارہ 34ڈگری سے زیادہ ہو نے کے بعد یہاں بارشیں ہوتی ہیں ۔شدید گرمی کے پیش نظر زیادہ تر لوگ اپنے گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ قاضی گنڈ میں 32.5،پہلگام میں 28.9،کپوارہ میں 33.5 ،کوکرناگ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31.7ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ہے ۔

 

گلمرگ میں درجہ حرارت 24ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جبکہ وہاں ہوا میں نمی کا تناسب73فیصد رہا۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹرمختار احمد نے بتایا کہ 30 (جون) اوریکم جولائی کے دوران جموں و کشمیر میں مونسون کی آمد متوقع ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں کے کچھ ایک علاقوں میں بارشیں ہو رہی ہیں جبکہ کشمیر میں بھی آج شام سے اگلے قریب پانچ دنوں کیلئے کچھ ایک علاقوں میں بیچ بیچ میں بارشیں ہو سکتی ہیں اور ان سے درجہ حرارت میں معمولی کمی آئے گی۔