۔35گھنٹے بعد قومی شاہراہ جزوی طوربحال لداخ، گریز، مغل روڑ اور سنتھن ٹاپ بدستور بند

محمد تسکین+غلام نبی رینہ+عاصف بٹ

 

بانہال+کنگن+کشتواڑ//جموں سرینگر قومی شاہراہ رام بن ضلع میں سوموار کی صبح سے لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کی وجہ سے بند رہی، تاہم رام بن اور بانہال کے درمیان ٹریفک تقریباً 35 گھنٹے کے بعد جزوی طور پر بحال ہو گیا۔ مہاڑ رام بن اور ڈلواس میں بحالی کا کام جاری ہے۔ڈی ایس پی ٹریفک رام بن نوید احمد نے بتایا کہ ڈلواس اور مہاڑ میں بحالی اور کلیئرنس کا کام جاری ہے انہوں نے کہا کہ رام بن بانہال سیکٹر کے درمیان لینڈ سلائیڈنگ کو صاف کرنے کے بعد سیری رام بن میں رکی ہوئی مسافر گاڑیوں کو وادی کشمیر کی طرف جانے کی اجازت دی گئی۔

 

ادھرچار روز تک میدانی علاقوں میں موسولادھار بارشیں اور بالائی علاقوں میں تازہ برفباری کے نتیجے میں سرینگر لیہہ شاہراہ پر چھٹے روز بھی ٹریفک کی آمدورفت احتیاطی طور پر بند رہی۔جس کے نتیجے میں شاہراہ پر سینکڑوں مسافر گاڑیاں درماندہ ہیں ۔منگل کو موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی باڈر روڈ آرگنائزیشن نے زوجیلا سے برف اور پسیاں ہٹانے کا کام شروع کردیا ۔ جبکہ دراس سے پروجیکٹ وجیک نے بھی کام شروع کیا ۔ بیکن حکام نے بتایا کہ زوجیلا کے کئی مقامات پر پسیاں گرآئی ہیں۔ منگل کے روز سونمرگ کی طرف سیرو تفریح پر جانے والی سیاحوں اور عام لوگوں کو گگن گیر منی گام وائل کے مقام سے آگے جانے نہیں دیا گیا جس کے بعد ان سیاحوں نے بھی گگن گیر اور دیگر جگہوں سے سرینگر کی طرف واپس روخ کیا ۔ادھرسنتھن ٹاپ پر گزشتہ چار روز سے مسلسل برفباری کے سبب بند سڑک کی بحالی کا کام شروع کردیاگیا ہے۔ سنتھن شاہراہ پر وٹسر کے مقام تک برف گرآئی ہے۔ آلوفارم میں ا یک فٹ سے زائد تازہ برف ریکارڑ کی گئی ہے جبکہ سنتھن ٹاپ پر قریب 3 فٹ تازہ برف گری ہے۔ حکام نے بتایا کہ موسم بہتر ہونے کی صورت میں ا ہفتہ تک برف ہٹانے کا عمل مکمل ہونے کی امید ہے جسکے بعد آمدرفت کو بحال کیا جاے گا۔ادھر بانڈی پورہ گریز شاہراہ اور مغل روڑ بدستور بند ہیں۔