سیلاب کا خطرہ ٹل گیا یکم سے 5مئی تک موسم خوشگوار رہنے کی پیشگوئی

  جہلم میں7گھنٹے تک پانی کی سطح بڑھتی گئی،3اضلاع میں برفانی تودے گرنے کی وارننگ

سرینگر// وادی میں3دنوں سے جاری موسلادھاربارشوںکے سلسلے میں پیر اور منگل کی رات 12بجے کے بعد ٹھہرائو آنے کے بعدمنگل کی صبح دریائے جہلم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کو چھو گئی۔ محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کے مطابق رام منشی باغ کے مقام پر منگل کی صبح تقریباً8 بجے دریائے جہلم میں پانی کی سطح18 فٹ کے نشان کو چھو گئی۔ جہلم میں پانی کی سطح پلوامہ ضلع کے پانپور میں بھی سیلاب کے نشان کو عبور کر گئی۔تاہم جنوبی کشمیرمیں بارشوں کا سلسلہ تھم جانے کے باعث سنگم میں پانی کی سطح میں کمی واقع ہونا شروع ہوئی اورمنگل کو سہ پہر3بجے کے بعد پانپور اور سرینگرمیں بھی جہلم میں پانی کی سطح بتدریج خطرے کے نشان 18فٹ سے نیچے آگئی ،اور بعدازاں پانی کی سطح میں مزید کمی آتی گئی ۔محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول نے حکام نے بتایا کہ خوش قسمتی سے اننت ناگ میں جو تین بڑے نالے جہلم کیساتھ ملتے ہیں ان میں صرف ایک نالے میں سیلاب آیا تھا۔انہوں نے کہا کہ نالہ لدر اور نالہ رمبی آرہ میں پانی کی سطح نے سیلابی صورتحال اختیار نہیں کی بلکہ ان دونوں نالوں میں پانی کی سطح پیر کی صبح سے ہی معمول کے مطابق رہی۔ البتہ کوثر ناگ سے نکلنے والے نالہ ویشو( کولگام) نے کھڈونی کے مقام پر رات کے 8بجے کظرے کا نشان عبور کرلیا تھا اور حکام نے کیموہ اور کھڈونی کے علاوہ آرونی اور دیگر متصلہ علاقوں میں فلڈ الرٹ جاری کیا۔انہوں نے کہا کہ رات کے 12بجے کے بعد بارش کا سلسلہ رک گیا اور پانی کے بہائو میں مزید اضافہ نہیں ہوا جس کی وجہ سے خطرہ زیادہ سنگین نہیں بنا۔انہوں نے کہا کہ بارشیں رک جانے کی وجہ سے منگل کی دوپہر سے سنگم میں پانی کی سطح کم ہونا شروع ہو گئی ۔
موسم
جموں و کشمیر میں منگل کی درمیانی شب بارش کا سلسلہ رک گیا اور دریائے جہلم اور دیگر ندی نالوں کے کناروں پر رہنے والی آبادی نے راحت کی سانس لی۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 5مئی تک موسم مجموعی طور پر بہتر رہے گا البتہ کبھی شام کے وقت ہلکی بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 6 سے 7 مئی تک بکھرے مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ منگل کی صبح 830 بجے تک گزشتہ 24 گھنٹوں تک سرینگر میں 23.6 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 40.2 ملی میٹر، پہلگام میں 41.6 ملی میٹر، کپواڑہ میں 19.8 ملی میٹر، کوکرناگ میں 35.8 ملی میٹر، گلمرگ میں 21.0 ملی میٹر، جموں میں 20.6 ملی میٹر، بانی میں 20.6 ملی میٹر بارش ہوئی۔ کٹرہ 30.6 ملی میٹر اور بھدرواہ 21.8 ملی میٹر میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ادھر مھخمہ آفات سماوی نے کشمیر ڈویژن کے 3 اضلاع کے لیے درمیانے درجے کے برفانی تودے کی وارننگ جاری کی ہے۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ بانڈی پورہ، کپوارہ اور گاندربل اضلاع میں اگلے 24 گھنٹوں میں درمیانے درجے کے خطرے کی سطح کے ساتھ برفانی تودے گرنے کا امکان ہے۔