سرمائی تعطیلات شروع آج سے ٹنل کے آرپار پرائمری اسکول بند

بلال فرقانی

سرینگر//محکمہ اسکولی تعلیم کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق آج یعنی یکم دسمبر سے وادی کشمیر کیساتھ ساتھ جموں کے سرمائی زون والے علاقوںمیں پانچویں جماعت تک زیرتعلیم طلباء وطالبات کی سرمائی تعطیلات شروع ہونگی ،اور 28فروری2023تک ٹنل کے آرپار تمام سرکاری اورپرائیویٹ تعلیمی ادارے بند رہیں گے ۔ حکومت کی جانب سے گزشتہ ہفتے مرحلہ وار سرمائی تعطیلات سے متعلق شیڈول جاری کیا گیا تھا۔ یکم دسمبر سے وادی اور خطہ چناب کے تحت آنے والے کم سے کم تین اضلاع ڈوڈہ ،کشتواڑ اوررام بن میں پانچویں جماعت تک سرمائی تعطیلات شروع ہونگی جبکہ شیڈول کے مطابق چھٹی سے آٹھویں جماعت تک 12دسمبر سے اور ہائی و ہائر سکنڈری سکولوں کی سرمائی چھٹیاں 19دسمبر سے شروع ہونگی۔یاد رہے تعلیمی سال میں کی گئی تبدیلی کے تحت وادی اور خطہ چناب میں پرائمری یاہائی و ہائر سکنڈری سطح کے طلباء و طالبات کے سالانہ امتحانات مارچ2023میں منعقد کئے جائیں گے۔