سرفراز خان کے حق میں بولے سنیل گواسکر ’اگلی ٹسٹ سیریز میں منتخب نہیں کیا گیا تو حیرانی ہوگی‘

نئی دہلی//یم انڈیا کے دروازے پرکئی ہونہار نوجوان دستک دے رہے ہیں۔ ٹیم کے سینئر کھلاڑی وراٹ کوہلی، روہت شرما، اجنکیا رہانے اور چتیشور پجارا کی عمر 30 سال سے زیادہ کی ہوگئی ہے۔ ان سبھی کھلاڑیوں کی فارم میں گزشتہ کچھ وقت کے دوران گراوٹ آئی ہے۔ ہندوستانی کرکٹروں کی اگلی نسل موقع کا انتظار کر رہی ہے۔ حال ہی میں کئی نوجوانوں کو ونڈے اور ٹی20 ٹیم میں موقع دیا گیا۔ وہیں گھریلو کرکٹ میں ایک اور بہترین بلے باز سرفراز خان اپنی طوفانی کارکردگی کے سبب سرخیوں میں ہیں۔

 

سابق کپتان سنیل گواسکر نے انہیں جلد ہی ہندوستانی ٹیم میں ڈیبیو کرنے کے لئے حمایت دی ہے۔ 24 سالہ سرفراز خان شاندار فارم میں ہیں۔ حال ہی میں اختتام پذیر رنجی ٹرافی کے سیزن میں انہوں نے ممبئی کے لئے بہت رن بنائے۔ ان کی بہترین بلے بازی کے سبب ممبئی کی ٹیم فائنل میں پہنچنے میں کامیاب رہی۔ رنجی ٹرافی کے اس سیزن میں انہوں نے 6 میچوں میں 122.75 کی اوسط سب سے زیادہ 982 رن بنائے۔ سرفراز خان نے اس دوران 4 سنچری اور 2 نصف سنچری لگائی۔ ان کی لاجواب کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انہیں ہندوستان کی ٹسٹ ٹیم میں شامل کئے جانے کی بحث زوروں پر ہے۔ سابق کپتان سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ ایجبسٹن ٹسٹ کے بعد اگر سرفراز خان کو اگلی ٹسٹ سیریز کے لئے نہیں منتخب کیا جاتا ہے تو حیرانی ہوگی۔ سنیل گواسکر نے مڈ ڈے کے کالم میں لکھا، ’سرفراز خان کے ذریعہ بنائے گئے زبردست رن اور سنچریوں نے انہیں ہندوستانی ٹیم میں ایک مقام کے لئے لاکھڑا کیا ہے۔ اجنکیا رہانے ٹیم سے باہر ہیں۔

 

چتیشور پجارا کو اسکور کرنے اور ٹیم میں اپنی جگہ بنائے رکھنے کے لئے آخری موقع ملا ہے۔ سرفراز خان نے یقینی طور پر سلیکشن کمیٹی کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ اگر ان کا نام اگلی ٹسٹ سیریز کے لئے ٹیم میں نہیں آتا ہے تو یہ حقیقت میں حیرانی کی بات ہوگی۔