سرد ہوائیں چلنے سے شبانہ ٹھنڈ میں مزید اضافہ آج اور کل برف و باراں متوقع،12اور 13دسمبر کو ایک بار پھر امکان ، 1یا2 انچ برفباری ہوگی

 پرویز احمد

سرینگر//جمعرات کو منفی درجہ حرارت میں معمولی کمی کے درمیان، وادی کشمیرمیں آج جمعہ کی شام سے ہفتہ اور 12 سے 13 دسمبر تک ہلکی سے درمیانی برف باری ہونے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے “جموں اور کشمیر کے میدانی علاقوں میں 9اور10 دسمبر کو وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ ابر آلود موسم رہیگا۔ محکمہ نے بتایا کہ میدانی علاقوں میں آج رات سے 10ویں دوپہر کے دوران ہلکی برفباری (1یا2 انچ) کا 50 فیصدامکان ہے جبکہ اوپری پہاڑی علاقوں میں 9یا10 انچ برف پڑ سکتی ہے‘‘۔

 

اگرچہ اس دوران کسی بڑی برفباری کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے، تاہم محکمہ نے کہا کہ سنتھن ٹاپ، مغل روڈ، رازدان پاس، بانڈی پورہ گریز، اور زوجیلا پر 9 سے 10 دسمبر کے دوران سطحی نقل و حمل میں عارضی خلل پڑ سکتا ہے۔ اسکے علاوہ جموں و کشمیر اور ملحقہ بالائی علاقوں کے متاثر ہونے کا امکان ہے۔12 اور 13 دسمبر کی رات کو ایک کمزور مغربی ہوائیں جموں و کشمیر میں پھر داخل ہونگیں۔انہوں نے کہا کہ کپوارہ، بانڈی پورہ اور گاندربل میں اس کے زیر اثر بلند مقامات پر برف باری کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد 18 نومبر تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ سرینگر میں کم از کم درجہ حرارت منفی 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی 3.0 تھا۔جمعرات کی صبح دھند کا خاص موسمی رجحان بھی تھا۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ امسال نومبر میں درجہ حرارت پچھلے تین برسوں کے مقابلے میں بہتر رہا۔قاضی گنڈ میں گزشتہ رات منفی 3.6 ، پہلگام میں منفی 5.6 ، کوکرناگ میں منفی 1.9 ، گلمرگ میں منفی 2.8 اور کپواڑہ میں پارہ منفی 2.5 ڈگری تھا۔جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 7.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ بانہال میں منفی 0.2 ، بٹوٹ میں 4.2 ، کٹرہ 8.0 اور بھدرواہ میں 1.8 ریکارڈ کیا گیا۔ لیہہ میں منفی 8.2 ، کرگل میں منفی 12.1 درج ہوا۔