سرحدیں رکاوٹ نہ بنیں:مودی نیپال کے ساتھ 7معاہدو ںپر دستخط

یواین آئی

 

نئی دہلی// ہندوستان اور نیپال نے اپنے صدیوں پرانے منفرد قریبی تعلقات میں تعاون کے سفر کو بلندیوں پر لے جانے اور ریل، ہوائی، پانی اور سڑک کے رابطوں کو مضبوط بنانے اور پٹرولیم پائپ لائنوں، بجلی کی ترسیل کی لائنوں کو وسعت دینے کے عزم کے ساتھ کئی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سات معاہدوں پر دستخط کئے گئے ۔یہ فیصلے وزیر اعظم نریندر مودی اور نیپال کے وزیر اعظم پشپ کمل دہل پرچنڈ کے درمیان جمعرات کو حیدرآباد ہاؤس میں ہونے والی دو طرفہ میٹنگ میں کئے گئے ۔

 

 

 

مودی نے اپنے بیان میں کہاکہ ’’مجھے یاد ہے 9 سال قبل 2014 میں عہدہ سنبھالنے کے 3 ماہ کے اندر میں نے نیپال کا پہلا دورہ کیا تھا۔ اس وقت میں نے ہندنیپال تعلقات کے لیے (ایچ آئی ٹی،ہائی ویز، آئی ویز، ٹرانس ویز) فارمولہ پیش کیا تھا۔ میں نے کہا تھا کہ ہم ہندوستان اور نیپال کے درمیان ایسے تعلقات قائم کریں گے کہ ہماری سرحدیں رکاوٹ نہ بنیں۔ آج وزیر اعظم پرچنڈ جی اور میں نے مستقبل میں ہماری شراکت داری کو ‘سپر ہٹ’ بنانے کے لیے بہت سے اہم فیصلے کئے ہیں۔ آج راہداری معاہدہ طے پا گیا ہے ۔ اس میں نئے ریل راستوں کے ساتھ ساتھ نیپال کے لوگوں کے لیے ہندوستان کے اندرون ملک آبی راستوں کی سہولت کا بھی انتظام کیا گیا ہے ‘‘۔وزیر اعظم نے کہاکہ’’ہندوستان اور نیپال کے درمیان مذہبی اور ثقافتی رشتے بہت پرانے اور مضبوط ہیں۔