زمین دھنسنے سے ٹرانسمیشن لائن تباہ ہو گئی وسیع علاقہ میں بجلی سپلائی منقطع ،صارفین پریشان

 محمد تسکین

بانہال// پرنوت میں زمین دھنسنے کی وجہ سے بجلی کے ڈھانچے کو پہنچے نقصان کے حوالے سے بات کرنے پر محکمہ پی ڈی ڈی ڈویڑن بٹوٹ کے ایگزیکٹو انجینئر تصدق شیخ نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ کشن پور سے میر بازار اننت ناگ گرڈ سٹیشن کو جانے والی چار سو کلوواٹ کی ٹرانسمیشن لائین کے چار ٹاور کر گئے ہیں جبکہ مزید کئی ٹاوروں کو دھنسنے کا خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرنوت کے علاقے میں قائم گرڈ سٹیشن اور تیتیس کلو واٹ کی ٹرانسمیشن لائین کے دھنس جانے کی وجہ سے سنگلدان اور رام بن کے علاقوں میں بجلی سپلائی جمعرات سے ہی متاثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ موقع پر موجود ہیں اور شدت کے ساتھ زمین دھنسنے کے تباہ کن مناظر کے سامنے بجلی کے تباہ ہوئے ڈھانچے کی مستقل بحالی میں وقت لگ سکتا ہے اور محکمہ بجلی کے عملے کو مقامی بجلی بحال کرنے کیلئے متحرک کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اور گرڈ کارپوریشن بجلی کی جلد بحالی کیلئے ہر ممکن کوشش کریگا۔