جموں سرینگر شاہراہ پر سڑک حادثہ | موٹر سائیکل سوار لقمہ اجل بن گیا

ایم ایم پرویز
رام بن//پیر کی شام سری نگر جموں قومی شاہراہ پر بیٹری چشمہ کے علاقے میں ایک موٹر سائیکل سوار کی ٹرک سے ٹکرانے کے بعد موت ہو گئی۔پولیس نے بتایا کہ حادثہ بیٹری چشمہ کے قریب اس وقت پیش آیا جب رجسٹریشن نمبر JK03E-3536 والا ٹرک بلٹ موٹرسائیکل بردار رجسٹریشن نمبر JK19 A-5704 سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار بری طرح زخمی ہوگیا اور اسے ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹر نے اسے مردہ قرار دے دیا۔پولیس نے جاں بحق موٹر سائیکل سوار کی شناخت سید سجاد حسین (27) ولد غلام رسول شاہ سکنہ گول کے طور پر کی ہے۔ایس ایچ او تھانہ رام بن وجے کوتوال نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لاش کو ضلع ہسپتال رام بن کے مردہ خانہ میں رکھا گیا ہے اور متوفی کے اہل خانہ کو اطلاع دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مزید تفتیش کے لئے پولیس اسٹیشن رام بن میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا گیا ہے۔