دہلی سے متعلق آرڈیننس کیجریوال آج اکھلیش سے حمایت طلب کرینگے

لکھنؤ// دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال انتظامی افسران کے تبادلے اور تعیناتی کے حقوق سے متعلق مرکزی حکومت کے بل کو راجیہ سبھا سے مسترد کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس کے لیے وہ غیر بی جے پی پارٹیوں کے لیڈروں سے ملاقات کر رہے ہیں اور ان کا تعاون طلب کر رہے ہیں۔ اس ضمن میں وہ آج اتر پردیش میں ایس پی سربراہ اکھلیش یادو سے ملاقات کریں گے۔

 

 

 

لوک سبھا انتخابات سے قلب کیجریوال کی اکھلیش یادو سے ملاقات کو کافی اہم سمجھا جا رہا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے میڈیا انچارج ویبھو مہیشوری نے کہا کہ اروند کیجریوال قومی دارالحکومت میں خدمات کو بے ضابطگی سے متعلق مرکز کے آرڈیننس کے خلاف حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔کیجریوال اب تک تمل ناڈو کے وزیر اعلی اسٹالن، بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، این سی پی سربراہ شرد پوار، شیو سینا یو بی ٹی کے ادھو ٹھاکرے اور تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کر چکے ہیں۔ اکھلیش سے ملاقات کے دوران پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان اور سنجے سنگھ بھی ان کے ساتھ موجود رہیں گے۔