جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملہ،3افراد ہلاک، 3 زخمی

یو این آئی

بیروت// جنوبی لبنان کے شہر شہابیہ میں اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے دو لڑاکے اور عمل تحریک کا ایک رکن ہلاک اور تین شہری زخمی ہو گئے۔لبنانی فوجی ذرائع نے یہ اطلاع دی۔ نام ظاہر نہ کرنے والے ذرائع نے بتایا کہ منگل کی شام اسرائیلی ڈرونز نے فضا سے سطح پر مار کرنے والے تین میزائل داغے، جس سے کئی دکانوں اور 22 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا۔ذرائع کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے علاقوں میں چھ فضائی حملے کیے اور کئی قصبوں اور گاؤوں پر گولہ باری کی۔ادھر حزب اللہ نے کہا کہ اس کے لڑاکوں نے کئی اسرائیلی مقامات پر حملہ کیا۔ لبنان کے ایک فوجی ذریعے نے چین کی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ لبنان سے دوپہر کے وقت شمالی اسرائیل کی طرف سطح سے سطح پر مار کرنے والے 100 سے زیادہ میزائل داغے گئے، جن میں سے کچھ کو اسرائیلی آئرن ڈوم میزائلوں نے روک دیا۔اس سے قبل دن میں جنوبی لبنان کے گاؤں عین بال میں ایک شہریوں کار پر اسرائیلی حملے میں ایک مقامی حزب اللہ لیڈر مارا گیا تھا۔ مقتول کی شناخت شہبیہ شہر کے ابو جعفر باز کے نام سے ہوئی ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ سال 7 اکتوبر کو حماس کی طرف سے اسرائیل پر کیے گئے حملوں کی لبنانی مسلح تنظیم حزب اللہ کی حمایت کے بعد اسرائیل اور لبنان کے درمیان سرحد پر کشیدگی بڑھ گئی ہے۔لبنانی سیکورٹی ذرائع کے مطابق حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جھڑپوں میں لبنانی جانب سے 423 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں حزب اللہ کے 269 ارکان اور 75 عام شہری شامل ہیں۔