جل شکتی ڈیلی ڈیجروں کا مستقلی کے مطالبہ کو لیکر احتجاج جاری

جموں//جمو ں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں جمعہ کے روز جل شکتی میں تعینات ڈیلی ویجروں نے احتجاجی مظاہرئے کئے اور سرکارسے مطالبہ کیا کہ اْن کی نوکریوں کو جلدازجلد مستقل کیا جائے۔اطلاعات کے مطابق بی سی روڑ جموں دفتر میںڈیلی ویجروں کی ایک بڑی تعداد نے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔مظاہرین نے کہاکہ پچھلے 138 دنوں سے وہ مسلسل احتجاج پر بیٹھے ہوئے لیکن انتظامیہ کی جانب سے اْن کی مانگوں کو پورا کرنے میں لیت ولعل کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ سرکار نے یقین دہانی کرائی تھی کہ ڈیلی ویجروں اور کیجول لیبروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے لیکن ابھی تک اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔اْن کے مطابق وہ اپنے فرائض خوش اسلوبی اور تن دہی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ جل شکتی میں پچھلے بیس برسوں سے ڈیلی ویجروں کی نوکریاں مستقل نہیں کی گئیں جو قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔مظاہرین نے ایل جی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اْن کی نوکریوں کو جلدازجلد مستقل کیا جائے تاکہ ڈیلی ویجروں کی دیرینہ مانگ پوری ہو سکے۔