بی جے پی وزیرداخلہ کے دورے کی آزمائش میں ناکام : ہرش دیو سنگھ کہاریلیوں میں اہم مسائل کا ذکر نہ کرنا حکومت اور بھاجپا کے غیر حساسیت کا مظہر

جموں//عام آدمی پارٹی نے بدھ کے روز کہا کہ وزیر داخلہ کے دورے کے لٹمس ٹیسٹ میں بھارتیہ جنتا پارٹی ناکام رہی ہے اور وزیر داخلہ کی ریلیوں میں جموں و کشمیر کے کسی بھی مسئلے کا ذکر نہ ہونا حکومتِ ہند اور بی جے پی کے مکمل طور پر غیر حساس انداز کو ظاہر کرتا ہے۔پریس سے خطاب کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے رہنما ہرش دیو سنگھ نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ کا تین روزہ دورہ جموں و کشمیر کے لیے اہم تھا کیونکہ وزیر داخلہ وہ عہدہ ہے جو جموں و کشمیر کے معاملات کی نگرانی کر رہا ہے اور براہ راست فیصلہ ساز ادارہ ہے۔سنگھ نے کہاکہ اس دورے سے بڑے پیمانے پر توقعات اور امیدیں وابستہ تھیں اور سبھی کو امید تھی کہ مرکزی وزیر داخلہ کچھ بڑے اعلانات کریں گے لیکن پہاڑیوں کو ایس ٹی کا درجہ دینے کے وعدے کے علاوہ کسی اور اعلان پر غور نہیں کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’مرکزی وزیر داخلہ نے راجوری اور بارہمولہ میں ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے سلگتے ہوئے مسائل کا ایک چھوٹا سا ذکر بھی نہیں کیا جو کہ مکمل طور پر بدقسمتی ہے‘‘۔ہرش دیو سنگھ نے یہ بھی کہا کہ جموں و کشمیر بڑھتی ہوئی بے روزگاری، خراب ترقی، یومیہ اجرت کے مسئلہ، این ایچ ایم ملازمین، پیشہ ورانہ ٹرینرز، ایس پی اوز، ہوم گارڈز، اساتذہ، خصوصی پیکیج کے ملازمین،کشمیری پنڈت ملازمین کے مسائل اور غیر یقینی صورتحال کے دور سے گزر رہا ہے اور اس کے علاوہ کچھ سلگتے ہوئے مسائل جو حکومت کی فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔ہرش دیو سنگھ نے کہا “ہر کوئی توقع کر رہا تھا کہ مرکزی وزیر داخلہ اس مسائل پر کچھ بیانات دیں گے خاص طور پر مختلف سرکاری محکموں میں کام کرنے والے یومیہ اجرت ملازمین کے بارے میں لیکن ان کے بارے ایک لفظ بھی نہیں بولا گیا جس سے یہ واضح ہوا کہ جموں و کشمیر حکومت اور بی جے پی دونوں ہی ان مسائل پر بات کرنے میں ناکام رہے ہے اور حکومت ہند تک ان مسلوں کو پہنچانے میں بھی ناکام رہی ہے۔انہوں نے جموں و کشمیر کی ایل جی انتظامیہ اور بی جے پی سے مزید کہا کہ وہ اپنی ناکامی کا خود جائزہ لیں اور جموں و کشمیر کے لوگوں کے مسائل اور شکایات کو سمجھیں تاکہ ان لوگوں کی بہتری کے لیے کچھ کیا جا سکے جو حکومت کے ہاتھوں میں بے بس محسوس کر رہے ہیں۔

کئی سماجی کارکن جموں میں عام آدمی پارٹی میں شامل
جموں //جموں و کشمیر میں بدھ کے روز عام آدمی پارٹی میں نئے چہروں کی شمولیت نے مزید زور پکڑا جب جموں میں منعقدہ ایک شمولیتی تقریب کے دوران کئی سرکردہ سماجی کارکنوں نے عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔اس تقریب کی صدارت عام آدمی پارٹی کے جموں شہری صدر دکشٹ گپتا، سنگھدھن منتری سریش بھگت اور نائب صدر راجیو مہاجن نے کی جس میں پارٹی کے دیگر سینئر سیاسی رہنما بھی موجود تھے۔داخل ہونے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے راجیو مہاجن نے کہا کہ جموں و کشمیر میں حالیہ دنوں میں سینکڑوں سرکردہ سماجی کارکنان، سول سوسائٹی کے ارکان، پی آر آئی اور سیاسی رہنما عام آدمی پارٹی میں شامل ہوئے ہیں جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ پارٹی نچلی سطح پر زیادہ سے زیادہ مضبوط ہو رہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب لوگ عام آدمی پارٹی کو ووٹ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ تعمیری طرز حکمرانی کا ماڈل، ترقیاتی ماڈل اور خاص طور پر عام آدمی پارٹی کی طرف سے لاگو کیا گیا صحت کی دیکھ بھال، تعلیم کا ماڈل اب پورے ملک کی سیاست کا مرکز ہے اور ہر کوئی اروند کیجریوال کی سربراہی میں عام آدمی پارٹی کو عوامی مسائل کو ختم کرنے کے واحد آپشن کے طور پر دیکھ رہا ہے۔