بہار میں سخت گرمی ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ

پٹنہ// بہار کی راجدھانی پٹنہ سمیت پوری ریاست شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ محکمہ موسمیات نے بدھ کو ریاست کے 9 اضلاع میں گرمی کی لہر کے حوالے سے الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بیشتر مقامات پر درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر چلا گیا ہے۔ ادھر شدید گرمی کی وجہ سے صحت بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ جس کی وجہ سے اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔پٹنہ کے شہری اور دیہی علاقوں کے اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق اپریل کے آخری ہفتے کے مقابلے میں گزشتہ ایک ماہ میں مریضوں کی تعداد میں ڈیڑھ گنا اضافہ ہوا ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق اس وقت بخار، اسہال، پیٹ میں درد، سن اسٹروک (لو لگنا) اور تیز بخار کے زیادہ مریض اسپتالوں میں پہنچ رہے ہیں۔ اسپتال کی او پی ڈی میں شہر سے دیہی علاقوں تک مریضوں کی قطار لگی ہوئی ہے۔ پٹنہ میڈیکل کالج اسپتال کے مطابق مریض براہ راست پہنچ رہے ہیں، روزانہ تقریباً 30 ریفر شدہ مریض پہنچ رہے ہیں۔