قدرتی آفات میں اضافہ سنگین معاملہ: مودی بہتر کل کے لیے مضبوط ڈھانچے میں سرمایہ کاری ضروری

یواین آئی

نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بہتر کل کے لیے آج مضبوط انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔ مودی نے بدھ کو یہاں ویڈیو پیغام کے ذریعے چھٹی بین الاقوامی آفات سے بچنے والے انفراسٹرکچر سے متعلق کانفرنس سے خطاب کیا۔وزیر اعظم نے کانفرنس میں شرکت کرنے والے مندوبین کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور کہا کہ ان کی شرکت سے آفات سے نمٹنے کے بنیادی ڈھانچے کے اہم مسئلے پر عالمی مذاکرات اور فیصلوں کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2019 میں اپنے قیام کے بعد سے ڈیزاسٹر رسپانس الائنس نے مؤثر طریقے سے کام کیا ہے اور اب یہ 39 ممالک اور 7 تنظیموں کا عالمی اتحاد بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مستقبل کے لیے ایک اچھی علامت ہے۔قدرتی آفات کی بڑھتی ہوئی تعداد کو ایک سنگین معاملہ قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ان کا اثر اکثر معاشی نقصان کے لحاظ سے دیکھا جاتا ہے، لیکن حقیقت میں اس کا سب سے زیادہ منفی اثر لوگوں، خاندانوں اور برادریوں پر پڑتا ہے، جس کا تخمینہ نہیں لگایا جاسکتا۔وزیراعظم نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک بہتر کل کے لیے آج مضبوط انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ آفات کے بعد کی تعمیر نو کے ساتھ ساتھ نئے انفراسٹرکچر کی تشکیل میں لچک کے پہلو کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے۔ مودی نے کہا کہ آفات کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور اس کا دنیا پر وسیع پیمانے پر اثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اجتماعی طور پر تب ہی مضبوط ہو سکتی ہے جب ہر ملک اپنے اندر مضبوط ہو۔ انہوں نے مشترکہ خطرات کا سامنا کرتے ہوئے سب کو بااختیار بنانے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ سی ڈی آر آئی اور یہ کانفرنس پوری دنیا کو اس اجتماعی مشن کے لیے اکٹھا ہونے میں مدد کرے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ “اجتماعی طور پر بااختیار ہونے کے لیے ہمیں سب سے زیادہ کمزور لوگوں کی حمایت کرنی چاہیے۔” چھوٹے جزیروں کے ترقی پذیر ممالک کو آفات کے بہت زیادہ خطرہ کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے ایسے 13 مقامات پر منصوبوں کی مالی اعانت کے لیے سی ڈی آر آئی پروگرام کا ذکر کیا۔ انہوں نے ڈومینیکا میں لچکدار رہائش، پاپوا نیو گنی میں نقل و حمل کے لچکدار نیٹ ورکس اور ڈومینیکن ریپبلک اور فجی میں ابتدائی وارننگ کے جدید نظام کی مثالیں دیں۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سی ڈی آر آئی کی توجہ گلوبل ساؤتھ پر بھی ہے۔ مودی نے ہندوستان کی جی -20 چیرمین شپ کے دوران مذاکرات کے مرکز میں فنانسنگ سمیت ایک نئے ڈیزاسٹر رسک ورکنگ گروپ کی تشکیل کو یاد کیا اور کہا کہ سی ڈی آر آئی کی ترقی کے ساتھ اس طرح کے اقدامات سے دنیا کو ایک لچکدار مستقبل کی طرف لے جانے میں مدد ملے گی۔