مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ کاالزام افسران بھاجپاکیلئے کام کرنے پر مجبورکئے جارہے ہیں

 یواین آئی

کلکتہ // مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے الزام عائد کیا ہے کہ ملک کے مختلف آئی اے ایس، آئی پی ایس افسران کو بلا کر بی جے پی کے لیے کام کرنے کی ہدایت دی جارہی ہے۔ممتا بنرجی نے ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر انہیں اپنے ذرائع سے ملی ہے۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ان کے پاس آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران کی فہرست ہے جنہیں بی جے پی کیلئے کام کرنے کی ہدایت دی جارہی ہے۔ممتا بنرجی نے جمعرات کو ندیا کے تہہٹہ میں ہری چند گروچند اسٹیڈیم میں کرشنا نگر سیترنمول کانگریس کی امیدوار مہوا مترا کی حمایت میں مہم چلائی۔اس میٹنگ میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ نوکر شاہوں اور پولیس کے اعلیٰ افسران کو بی جے پی کے لیے کام کرنے کی ہدایت دی جارہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بیوروکریٹس اور پولیس افسران کو ان کی متعلقہ ریاستوں کے بی جے پی وزرائے اعلیٰ گھر بلا رہے ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ میں جانتی ہوں کہ آئی اے ایس، آئی پی ایس افسران کو ان کے متعلقہ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ذریعے بلایا جا رہا ہیاور بی جے پی کیلئے کام کرنے کی ہدایت دی جارہی ہے۔ممتا بنرجی نے کہا کہ انہیں یہ خبر کسی آئی اے ایس اور آئی پی ایس نے نہیں دی ہے بلکہ کسی اور ذریعہ سے یہ خبر ملی ہے۔ آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران انتظامیہ کا حصہ ہیں۔ ان کا کسی پارٹی سے تعلق نہیں ہے۔ وہ انتظامیہ چلاتے ہیں۔ ممتابنرجی نے الزام لگایا کہ بی جے پی انتخابات کے دوران انتظامیہ کے ان عہدیداروں کا استعمال کرنا چاہتی ہے۔