بابر اعظم کی ٹوئنٹی 20میں بڑی کامیابی، کوہلی کے بڑے ریکارڈ کو توڑا

 

نئی دہلی//پاکستان کے کپتان بابر اعظم ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی ، تینوں ہی فارمیٹس میں دنیا کے بہترین بلے باز کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں۔ آئی سی سی رینکنگ بھی اس بات کی تصدیق کر رہی ہے۔ بابر کو آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ میں تینوں فارمیٹس میں ٹاپ 5 بلے بازوں میں شامل کیا گیا ہے۔ ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی میں وہ دنیا کے نمبر 1 بلے باز ہیں۔ اس کے ساتھ ہی بابر ٹیسٹ میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ بھلے ہی بابر اعظم فیب فور (وراٹ کوہلی، کین ولیمسن، اسٹیو اسمتھ اور جو روٹ) میں شامل نہیں ہیں ، لیکن پچھلے کچھ سالوں میں بلے باز کے طور پر ان کا قد کافی بڑھ گیا ہے۔ اب انہوں نے ٹی ٹوینٹی میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ بابر اعظم نے اب سب سے طویل عرصے تک ٹی ٹوینٹی میں نمبر 1 بلے باز بننے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ ان سے پہلے یہ ریکارڈ وراٹ کوہلی کے نام تھا۔ وہ گزشتہ دہائی میں 1013 دنوں تک ٹی ٹوینٹی کے نمبر 1 بلے باز تھے۔ اب بابر نے تازہ ترین ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں انہیں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ بابر فی الحال بلے بازوں کی ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں 818 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ دوسرے نمبر پر پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ہیں۔ ان کے پاس 794 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ فی الحال وراٹ ٹی ٹوینٹی کے ٹاپ 10 بلے بازوں میں بھی شامل نہیں ہیں۔ ایشان کشن ٹاپ 10 میں واحد ہندوستانی کھلاڑی ہیں اور وہ ساتویں نمبر پر ہیں ۔ انہیں 2 پوزیشن کا نقصان ہوا ہے۔ وراٹ کوہلی 21 ویں اور روہت شرما 19 ویں نمبر پر ہیں۔ وہیں دیپک ہڈا کو آئرلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں اپنی زبردست کارکردگی کا فائدہ ہوا ہے۔ وہ 414 پوزیشن کی چھلانگ لگا کر اب 104 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ ٹی ٹوینٹی کے ٹاپ 10 گیند بازوں میں ایک بھی ہندوستانی گیند باز شامل نہیں ہے۔ بھونیشور کمار ٹی 20 میں ہندوستان کے ٹاپ رینک والے گیند باز ہیں۔ وہ 14ویں نمبر پر ہے۔