اگنی ویروں کیلئے ادائیگی نظام اور سپرش موبائل ایپ لانچ نئے اقدامات سے محکمہ کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا: راجناتھ سنگھ

نئی دہلی //وزیر دفاع راج ناتھ نے نئی دہلی میں ڈیفنس اکائونٹس ڈیپارٹمنٹ ( ڈی اے ڈی) کے275 ویں یوم تاسیس کی تقریبات کے دوران محکمہ کے کئی ڈیجیٹل اقدامات کا آغاز کیا۔ اس میں اگنی ویروں کیلئے ادائیگی کا نظام؛ ڈیفنس ٹریول سسٹم میں بین الاقوامی ایئر ٹکٹ بکنگ ماڈیول؛ دفاعی کھاتوں کی رسیدیں اور ادائیگی کا نظام( درپن)، ڈیفنس سویلین پے سسٹم اور ڈیفنس اکائونٹس ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم شامل ہیں۔ اپنے خطاب میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ حکومت کے ’ڈیجیٹل انڈیا‘ ویڑن کو آگے بڑھانے کے لیے ڈی اے ڈی کی ستائش کی، اور کہا کہ نئے اقدامات سے محکمہ کے کام کاج میں شفافیت اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔راج ناتھ سنگھ نے تین ٹیموں کو 2022 کے لیے ایکسیلنس کیلئے رکشا منتری ایوارڈز بھی دیے جن میں محکمہ کے کلیدی پروجیکٹوں ترقی، جانچ اور سپرش کے نفاذ میں مثالی پہل کی نمائش کی گئی تھی۔ سپرشکو ایک تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا، یہ حکومت کی کوشش ہے کہ فوجیوں کی زندگی کے دوران اور موت کے بعد حاضر سروس اہلکاروں، سابق فوجیوں اور ان کے خاندانوں کو بہترین خدمات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحیح وقت پر صحیح پنشن کی تقسیم پر خصوصی زور دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ڈی اے ڈی پر زور دیا کہ وہ پنشنرز کی شکایات کو تیز اور معیاری نمٹانے کو اپنی پہلی ترجیح بنائے۔ انہوں نے مسائل کے موقع پر ہی ازالہ کے لیے آوٹ ریچ پروگراموں اور ’رکھشا پنشن سمادھن‘ کو باقاعدگی سے منعقد کرنے کے لیے محکمے کی تعریف کی اور اس سمت میں کام جاری رکھنے کی تاکید کی۔