اننت ناگ راجوری پارلیمانی نشست ۔ 25امیدواروں کی نامزدگیاں داخل، بھاجپا کا اُمیدوار میدان میں نہیں

 عارف بلوچ

اننت ناگ//اننت ناگ۔راجوری پارلیمانی حلقہ میںنامزدگیاں داخل کرنے کی جمعہ 19اپریل آخری تاریخ تھی۔جمعہ سہ پہر 3بجے تک مجموعی طور پر 25 امیدواروں نے اپنی نامزدگیاں جمع کرائی ہیں۔اس حلقے میںآج یعنی 20 اپریل کو کاغذات کی جانچ پڑتال ہوگی ،22 اپریل تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں جبکہ 23 اپریل کو امیدواروں کو چناوی نشان فراہم کئے جائیں گے۔اس حلقے میں 7 مئی کو تیسرے مرحلے میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔فام بھرنے کی آخری تاریخ تک بھاجپا کی طرف سے کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا۔

 

اس طرح بھاجپا کی طرف سے وادی کی 3نشستوں کیلئے کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا جائیگا۔ابھی تک جن امیدواروں نے اپنے فارم جمع کرائے ہیں ان میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ 25امیدواروں میںمحبوبہ مفتی دختر مفتی محمد سعید ساکن بجبہاڑہ(پی ڈی پی)،میاں الطاف احمد ولد بشیر احمد لارمی ساکن وانگت کنگن گاندربل(نیشنل کانفرنس)،ظفر اقبال منہاس ولد بشیر احمد منہاس ساکن شاداب کریوا شوپیان(جموں کشمیر اپنی پارٹی)،شیخ مظفر ولد شیخ غلام رسول ساکن سندو اچھ بل(جموں کشمیر نیشنلسٹ پپلز فرنٹ)،چودھری جاوید احمد ولد حاجی کالو ساکن پونچھ(آل انڈیا فارورڈ بلاک)،سدرشن سنگھ ولد شیری رام سنگھ ساکن مدرگام کولگام حال بوٹہ نگر جموں(نیشنل عوامی یونائیٹڈ پارٹی)،محمد سلیم پرے ولد بشیر احمد پرے ساکن پیر تکیہ ساگم کوکرناگ(ڈیموکریٹک آزاد پارٹی)،محمد الیاس کمار ولد عبدالاحد کمار ساکن شوپیان(راشٹریہ جن شکتی پارٹی) اور محمد مقبول تیلی ولد حاجی غلام محمد ساکن ڑین کولگام(جی ڈی پی)،شیخ عمران ولد غلام نبی شیخ ساکن ہردہ شچن دیالگام (آزاد)،دلیپ کمار پنڈتا ولد ناری جنت پنڈتا ساکن آکورہ مٹن حال جگتی نگروٹہ جموں(آزاد)،سجاد احمد ڈار عرف سجاد نورآبادی ولد محمد جمال ساکن منزگام کولگام(آزاد)،گلشنہ اختر دختر غلام نبی شیخ ساکن برینٹی بٹہ پورہ دیالگام(آزاد)،سوشل بنگ رنگی ولد چوٹی لال ساکن راجوری(آزاد)،بلدیو کمار ولدکشمیری لال ساکن چندی گڑھ حال توی جموں(آزاد)،علی محمد وانی ولد غلام محمد وانی ساکن تلنگام پلوامہ(آزاد)،رویندر سنگھ ولد دلیپ سنگھ ساکن جموں(آزاد)،عبدالرؤف ملک ولد عبدالجلیل ملک ساکن راجوری(آزاد)،کرم جیت سنگھ ولد گیان سنگھ ساکن گاندھی نگر جموں(آزاد)،توصیف مجید راتھر ولد عبدالمجید راتھر ساکن اشموجی کولگام (آزاد)شامل ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ جو ضلع ریٹرنگ آفیسر بھی ہیں، نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے آخری روز 25 امیدواروں نے کاغذات جمع کئے جس میں سے 3 امیدواروں نے 2 2 مرتبہ کاغذات جمع کئے۔انہوں نے کہا کہ کل یعنی 20 اپریل کو کاغذات کی جانچ پڑتال ہوگئی ،22 اپریل تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں جبکہ 23 اپریل کو امیدواروں کو چناوی نشان فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ آنے الیکشن کے روز چناؤ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔