امریکی وزیر خارجہ کی سعودی ولی عہد سے ملاقات انسانی حقوق سمیت دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال

 

یو این آئی

ریاض// امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی جس میں انسانی حقوق سمیت سوڈان اور یمن تنازع کے خاتمے اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق انٹونی بلنکن اس وقت اپنے تین روزہ دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں جہاں وہ سوڈان اور یمن تنازع کے خاتمے ، اسلامک اسٹیٹ گروپ (آئی ایس) کے خلاف مشترکہ جنگ اور سعودی عرب کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے امکان پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے ۔

 

ایک امریکی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے بھی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی تھی، ملاقات کے دوران دونوں نے علاقائی اور دو طرفہ مسائل کے علاوہ سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا تھا۔تاہم گزشتہ روز انٹونی بلنکن کے ساتھ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ہونے والی ملاقات 40 منٹ تک جاری رہی۔ملاقات میں سوڈان سے امریکی انخلاء کے لیے سعودی عرب کی حمایت، یمن میں سیاسی مذاکرات کی ضرورت اور سعودی عرب کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے امکان سمیت دیگر موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے ۔سعودی عرب کا ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے کے بعد سے انٹونی بلنکن کا یہ پہلا دورہ ہے۔