آئین بدلنے کی کسی کوہمت نہیں | مودی کاحزب اختلاف پرعوام کو گمراہ کرنے کا الزام

یواین آئی

گیا// وزیر اعظم نریندر مودی نے اپوزیشن جماعتوں کو آئین کو ‘سیاسی ہتھیار’ کے طور پر استعمال کرنے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسے کوئی نہیں بدل سکتا، خود ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر بھی نہیں بدل سکتے ہیں ، انڈیا الائنس عوام کو گمراہ کر رہے ہیں کہ اگر لوک سبھا انتخابات کے بعد بی جے پی اقتدار میں آتی ہے تو آئین کو بدل دیا جائے گا ۔گیا میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے امیدوار جیتن رام مانجھی اور اورنگ آباد سے انتخاب لڑ رہے سشیل کمار سنگھ کے حق میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیاں آئین کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ مہم چلا رہے ہیں کہ اگر لوک سبھا انتخابات کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اقتدار میں آئی تو آئین کو تبدیل کر دیا جائے گا۔وزیر اعظم نے کہا، “یہ مکمل طور پر بے بنیاد اور گمراہ کن ہے کہ اگر بی جے پی موجودہ لوک سبھا انتخابات کے بعد اقتدار میں آتی ہے تو وہ آئین کو بدل دے گی۔” انہوں نے کہا کہ کسی کو کسی بھی حال میں آئین میں تبدیلی کرنے کی ہمت اور حق نہیں ہے۔ انہوں نے گرج کر کہا کہ نہ صرف بی جے پی بلکہ خود بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر بھی آئین کو نہیں بدل سکتے۔