بھاجپا ملک کی ترقی کیلئے متفکر واحد پارٹی:نڈا مودی نے ایودھیا کاسینکڑوں برس کاخواب پوراکیا

 یواین آئی

حیدرآباد// بھاجپاکے قومی صدرجے پی نڈا نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کے لئے سوچنے والی واحد پارٹی بی جے پی ہے۔انہوں نے اس یقین کااظہارکیا کہ مودی کی قیادت میں ایک مستحکم حکومت ایک مرتبہ پھر مرکز میں تشکیل پائے گی۔انہوں نے تلنگانہ کے بھدرادری کوتہ گوڑم میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایودھیا میں سینکڑوں سال کا خواب مودی نے پورا کردیا۔مرکزی حکومت نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفعہ 370کو منسوخ کیا۔ساتھ ہی مودی حکومت نے ایس ٹی طبقہ کی ترقی کیلئے کئی اقدامات کئے۔قبائلی طبقات کی فلاح وبہبود کے لئے کئی پروگراموں پر عمل کیاگیا۔مودی دورحکومت میں 25کروڑافراد خط غربت سے باہر آئے اور حکومت کی جانب سے 80کروڑافراد کو مفت راشن دیاجارہا ہے۔اس راشن کا سلسلہ آئندہ پانچ برسوں تک برقراررکھاجائے گا۔مرکزی حکومت غ?ریبوں کیلئے مزید تین کروڑ مکانات کی تعمیر کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت 70برس سے زائد عمر کے افراد کا علاج بھی کیاجارہا ہے۔مستقبل میں پائپ لائن کے ذریعہ گھریلو پکوان گیس کی فراہمی ہوسکے گی۔انہوں نے کہاکہ مودی ہمیشہ، غریبوں کسانوں اور خواتین کے بارے میں سوچتے ہیں۔مرکز نے تلنگانہ کی گذشتہ دس سال کے دوران کافی مدد کی۔ تلنگانہ کو دیئے گئے ٹیکس کے حصہ میں تین گنا کا اضافہ کردیاگیا۔انہوں نے الزام لگایاکہ پیشرو بی آرایس حکومت بدعنوانیوں کی شکار رہی۔ریاست میں موجودہ طورپر نااہل کانگریس کی حکومت چل رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ کانگریس کے دور میں ہر طرف گھوٹالے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی آرایس سربراہ کے چندرشیکھرراو کی بیٹی کویتا، دہلی شراب معاملہ میں ملوث ہے اوروہ جیل میں محروس ہیں۔