کرگل: نجی گاڑی لڑھک گئی، خاتون از جان، کمسن لاپتہ، پانچ دیگر زخمی

یو این آئی

سری نگر// کرگل کے کاکسار علاقے میں ایک آلٹو گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر لڑھک کر دریا میں جاگری جس کے نتیجے میں خاتون از جان جبکہ پانچ دیگر زخمی ہوئے جبکہ کمسن بچہ لاپتہ ہو گیا جس کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی۔
اطلاعات کے مطابق کرگل کے کاکسار علاقے میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب عازمین حج کو وداع کرنے کے بعد واپسی پر ایک آلٹو گاڑی دریا میں جاگری ۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں جائے موقع پر پہنچی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا جس دوران پانی سے ایک خاتون کی لاش برآمد کی گئی جبکہ پانچ دیگر زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ حادثے کے بعد ایک چار سالہ بچہ لاپتہ ہو گیا ہے جس کو تلاش کرنے کی خاطر ایس ڈی آر ایف کو کام پر لگا دیا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ گاڑی میں ایک ہی کنبے کے سات افراد سوار تھے ۔
پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔