اودھم پور:8گھنٹوں میں 2 دھماکے، 2 افراد زخمی

جموں// جموں صوبہ کے اودھم پور ضلع میں 8 گھنٹے کے اندر دو دھماکے ہوئے جن میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ہوئے دھماکے میں دو افراد معمولی زخمی ہوئے تاہم آج صبح ہوئے دھماکے میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔
اے ڈی جی پی جموں زون مکیش سنگھ نے بتایا کہ ڈومیل چوک، ادھم پور میں ایک پٹرول پمپ کے قریب گزشتہ رات تقریباً 10بج کر 30 منٹ پر ایک پارک بس میں دھماکہ ہوا جس میں دو افراد معمولی زخمی ہوئے۔
اُنہوں نے بتایا کہ اسی طرح کا ایک اور دھماکہ آج صبح 6 بجے پرانے بس سٹینڈ ادھم پور میں پارک ایک اور بس میں ہوا جس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
اے ڈی جی پی نے بتایا کہ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔دھماکوں کی وجہ اور نوعیت کا پتہ لگانے کیلئے اعلیٰ سطحی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔