سرینگر لیہہ شاہراہ پر مال بردار گاڑیوں کی ٹریفک بحال

غلام نبی رینہ

کنگن/ / قریب ایک ماہ کے وقفے کے بعد بدھ کو سرینگر لداخ شاہراہ پر مال بردار گاڑیاں کیلئے بحال کر دی گئی ہے۔
اگرچہ ایک ماہ قبل سرینگر لداخ شاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لئے کھول دیا گیا تھا تاہم زوجیلا پر سڑک تنگ اور سطح خراب ہونے کے باعث شاہراہ پر مال بردار گاڑیوں کو چلنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی جس کے نتیجے میں سونمرگ میں سینکڑوں مال بردار گاڑیاں درماندہ تھیں۔
ٹرک ڈرائیوروں کا کہنا تھا کہ وہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے یہاں پر کھڑے ہیں اور ان کے پاس کھانے پینے کے لئے پیسے بھی نہیں ہے تاہم بیکن کی طرف سے مال بردار گاڑیوں کو چلنے کے لئے ٹریفک حکام کو اجازت ملی جس کے بعد بدھ کو سونمرگ سے کرگل اور لداخ کی طرف گاڈیوں کو روانہ کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پانچ سو کے قریب مال بردار گاڑیوں کو روانہ کیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کی طرف سے جاری کی گئی ایڈوائزری کے مطابق سونمرگ سے صبح سات بجے سے گیارہ بجے تک ہی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ہوگی اور گیارہ بجے کے بعد شاہراہ پر کسی بھی گاڈی کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔