اودھم پور سڑک حادثے میں 3افراد کی موت| 7دیگر شدید زخمی

اودھم پور// ادھم پور ضلع میں جمعرات کو ایک بارات کو لے جارہی ایک بس کو پیش آئے حادثے میں کم از کم تین افراد کی موت ہو گئی ہے جبکہ سات دیگر شدید زخمی ہوئے ہیں۔
رام نگر کے ایک پولیس اہلکار نے بتایا، “ہمیں مرنے والوں کی صحیح تعداد کا علم نہیں ہے۔ ہم نے ریسکیو ٹیموں کو موقع پر پہنچا دیا ہے۔ ریسکیو آپریشن مقامی لوگوں نے شروع کر دیا ہے اور مزید لوگ سامان کے ساتھ وہاں پہنچ رہے  ہیں “۔
ابتدائی اطلاعات کے حوالے سے پولیس نے بتایا کہ بس سڑک سے پھسل کر 150میٹر گہری کھائی میں جاگری۔
انہوں نے کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے کیونکہ بہت سے لوگ شدید زخمی ہیں۔
اہلکار نے بتایا کہ بس رام نگر کے گونڈیا گاؤں سے شادی کی تقریب میں جارہی تھی، انہوں نے مزید کہا کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
اسی دوران مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا، ـ”ادھم پور کے رام نگر علاقے میں مچوڑی میں سڑک حادثے کی خبر سن کر افسوس ہوا۔ ابھی ابھی ڈی سی، کریتکا جیوتسنا سے بات ہوئی، وہ مجھے مسلسل اپ ڈیٹ کر رہی ہیں۔ زخمیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے، جن لوگوں کو مزید علاج کے لیے ریفر کرنے کی ضرورت ہے انہیں جلدی ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے”۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔