سری نگر تیزاب حملہ:متاثرہ نے مرکزی ملزم کی شناخت کر لی، بیان ریکارڈ کرایا

سری نگر//رواں برس یکم فروری کو تیزاب حملے میں زخمی دوشیزہ نے حملے کے مرکزی ملزم کی شناخت کر لی ہے۔ متاثرہ کے وکیل کے مطابق دوشیزہ نے اس معاملے کے مرکزی ملزم سجاد احمد راتھر کی یہاں کی ایک عدالت میں پہچان کی اور اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔
متاثرہ کے وکیل میر نوید گل نے بتایا کہ اپنے والدین اور دوستوں کے ساتھ، خاتون پیر کے روز صبح ساڑھے گیارہ بجے عدالت میں پیش ہوئی اور دفاعی وکلاء کی جانب سے اس پر مکمل جرح کی گئی جو شام ساڑھے چار بجے تک جاری رہی۔
حکام نے بتایا کہ وہ ایک گواہ کے طور پر اپنا بیان ریکارڈ کرانے اور اس شخص کی شناخت کرنے کے لیے عدالت میں پیش ہوئی تھی جس نے اس کے چہرے پر تیزاب پھینکا تھا۔
نوید گل نے کہا کہ خاتون استغاثہ کے ان گواہوں میں سے ایک تھی جن کا چارج شیٹ میں ذکر کیا گیا ہے، جسے پولیس نے سری نگر شہر کے مرکز میں پیش آنے والے واقعے کے تین ہفتوں کے اندر اندر داخل کیا تھا۔
وکیل نے کہا، “ہم چارج شیٹ میں مذکور کچھ اور گواہوں کو عدالت میں پیش کرنا چاہتے ہیں، جس کے بعد استغاثہ اپنی حتمی دلیل پیش کرے گا۔ ہم جلد انصاف کی امید کر رہے ہیں”۔
تفصیلات کے مطابق جموں و کشمیر پولیس نے تین لوگوں ،راتھر اور محمد سلیم کمار عرف طوطا اور ایک نابالغ کے خلاف 1,000 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کی تھی ۔ پولیس نے نابالغ کے ساتھ ترمیم شدہ جووینائل جسٹس (بچوں کی دیکھ بھال اور تحفظ) ایکٹ کاروائی کی ہے، جس کے تحت 16-18 سال کی عمر کے نوجوانوں پر سنگین الزامات کی بنا پر تعزیرات ہند (آئی پی سی) کے تحت مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔
ملزمان پر آئی پی سی کی دفعہ 120-بی (مجرمانہ سازش) اور 326-اے(رضاکارانہ طور پر تیزاب کے استعمال سے شدید چوٹ پہنچانا) کے تحت فرد جرم عائد کیا گیا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ ملزمان کو فوری اور مثالی سزا کو یقینی بنانے اور اس طرح کے “وحشیانہ” رجحانات رکھنے والوں کو روکنے کے لیے واقعے کے تین ہفتوں کے اندر چارج شیٹ دائر کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ان دفعات کے تحت زیادہ سے زیادہ سزا عمر قید ہے اور کم از کم 10 سال کی قید ہے، لیکن استغاثہ زیادہ سے زیادہ کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے تاکہ یہ واقع عبرت کا باعث بنے۔