بارہمولہ کے بونیار میں فوجی اہلکار کی لاش برآمد

بارہمولہ// شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے بونیار علاقے میں پیر کو ایک فوجی اہلکار کی پراسرار حالت میں لاش برآمد کی گئی ہے، جس پر گولیاں لگنے کے نشان پائے گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی جی این ایس نے سرکاری زرائع کے حوالے سے بتایا کہ اہلکار کے مبینہ طور پر خودکشی کرنے کے امکان ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس واقعہ کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فوجی اہلکارکی شناخت راہول بھگت ولد آنند سکنہ بھگت مہاراشٹر کے طور پر ہوئی ہے۔ اس کی لاش بونیار میں ایک گیریسن کے بیت الخلا کے اندر خون میں لت پت حالت میں پائی گئی،اس کے سینے پر گولیاں لگنے کے نشانات پائے گئے ہیں۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ 174 سی آر پی سی کے تحت تفتیش کی کارروائی شروع کی گئی ہے،نعش کو پوسٹ مارٹم اور دیگر طبی قانونی کارروائیوں کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔