چھیڑ چھاڑ کے الزامات میں سکول پرنسپل گرفتار، جانچ کا حکم

سری نگر// حکومت نے منگل کو ایک سرکاری سکول کے پرنسپل کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے، جسے سری نگر پولیس نے چھیڑ چھاڑ کے ایک معاملے میں گرفتار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سری نگر پولیس نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول گنڈ کے پرنسپل شبیر احمد میر ولد غلام رسول میر کو چھیڑ چھاڑ کے ایک معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس نے ایک ٹویٹ میں بتایا،”اس سلسلے میں پولیس تھانہ شالٹینگ میں آئی پی سی کی دفعہ 294، 354 ڈی اور 505 کے تحت ایک ایف آئی آر زیر نمبر 31/2023 درج کی گئی ہے”۔
منگل کو جاری ایک حکم نامہ کے مطابق، “متعلقہ پرنسپل کو جموں و کشمیر سول سروسز (درجہ بندی، کنٹرول اور اپیل) رولز، 1956 کے رول 31 کے تحت فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے، اس کے خلاف ایک معاملے کی تحقیقات زیرِ التواءہیں، مذکورہ پرنسپل کو ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کے دفتر سے منسلک کر دیا گیا ہے”۔
حکم نامہ کے مطابق،”ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر اس معاملے کی تحقیقات کریں گے اور اپنی سفارشات کے ساتھ ایک تفصیلی رپورٹ پیش کریں گے”۔