تاریخی عید گاہ سری نگر میں نماز عید کی ادائیگی موسمی صورتحال پر منحصر ہے:درخشاں اندرابی

یو این آئی

سری نگر//جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی کا کہنا ہے کہ تاریخی عیدگاہ سری نگر میں نماز عید کی ادائیگی موسمی صورتحال پر منحصر ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہاں ہم ضرور نماز ادا کریں گے لیکن شرط یہ ہے کہ موسم اجازت دے۔
ان کا کہنا تھا کہ وقف بورڈ کا کام ہی ہے کہ جموں و کشمیر کی زیارت گاہوں کو خوبصورت سے خوبصورت بنایا جائے۔
موصوف چیئرپرسن نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں حضرت بل میں عید الضحیٰ کے پیش نظر کئے جا رہے انتطامات کا جائزہ لینے کے بعد نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ’عید کے لئے یہاں ہو رہی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر صاحب خود یہاں آئے اور یہاں دیکھا کہ سارے انتطامات کئے جا رہے ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا: ’وقف بورڈ کا کام ہی ہے کہ ہم تمام زیارت گاہوں کو شاندار اور خوبصورت سے خوبصورت بنائیں تاکہ لوگوں کو دل کا سکون میسر ہوسکے‘۔
تاریخی عید گاہ میں نماز عید کی ادائیگی کے بارے میں پوچھے جانے پر ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ عید گاہ میں نماز عید کی ادائیگی کا انحصار موسم پر ہے۔
انہوں نے کہا: ’اگر موسم نے اجازت دی تو وہاں نماز کی ادائیگی ممکن ہے لیکن موسم ٹھیک نہیں ہے بارشیں ہو رہی ہیں وہاں بہت صفائی کا کام کرنا ہے جو مجھے نہیں لگتا ہے کہ دو تین دنوں میں مکمل ہوسکتا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا: ’عید گاہ میں ہمیں نماز ادا کرنی ہے ہم ضرور ادا کریں گئے لیکن موسم ہمیں اجازت دے‘۔