جموں سرینگر قومی شاہراہ تاحال بند، پونچھ شاہراہ پر پسی گرنے کی وجہ سے ٹریفک معطل

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// جموں و کشمیر میں جاری خراب موسمی صورتحال کے درمیان جموں سرینگر قرمی شاہراہ مسلسل دوسرے روز بھی بند ہے وہیں سرنکوٹ میں پسی گرنے سے کی وجہ سے جموں پونچھ شاہراہ پر بھی ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔
ٹریفک حکام نے بتایا، “جموں سرینگر قومی شاہراہ ابھی بھی مسدود ہے، بحالی کا کام جاری ہے۔ مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ قومی شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کریں جب تک کہ سڑک مکمل طور پر بحال نہیں ہو جاتی۔ اس کے علاوہ مغل روڈ اور ایس ایس جی روڈ تاحال بند ہے”۔
ادھر، جموں پونچھ شاہراہ پر سرنکوٹ میں میدانہ کے مقام پر بھاری پسی گرنے کے بعد شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جہاں بحالی کا کام جاری ہے۔ اسی دوران سڑک کے دونوں اطراف سینکڑوں گاڑیاں مسافروں سمیت درماندہ ہو گئی ہیں۔
بتا دیں کہ گزشتہ تین روز تک مسلسل شدید بارش کے بعد منگل کی صبح پہاڑی علاقوں میں دھوپ نکل آئی ہے۔