محبوبہ مفتی لاشوں پر سیاست کرنا بند کریں، فاروق عبداللہ قد آو ر رہنما: رویندر رینہ

یو این آئی

جموں//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کو تاریخ کا مشاہدہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے بھاجپا کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر نے کہاکہ محبوبہ مفتی کو لاشوں پر سیاست کرنا بند کرناچاہئے۔انہوں نے کہاکہ عوامی نمائندوں کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ اس طرح کے بیانات دیں ۔موصوف صدر نے کہاکہ فاروق عبداللہ قدر آور لیڈر ہیں۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے پریس کلب جموں کے باہر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ بھارت ایک جمہوری ملک ہے لہذا جموں وکشمیر کے عوامی نمائندوں کو آئین پر پوری طرح سے بھروسہ کرنا چاہئے۔محبوبہ مفتی کی جانب سے بھاجپا کے خلاف سخت بیانات دینے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں رویندر رینا نے کہاکہ محبوبہ مفتی کو لاشوں پر سیاست کرنا بند کرنی چاہئے کیونکہ جو عوامی نمائندے ہوتے ہیں اُنہیں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ محبوبہ مفتی ملک کے خلاف بیانات دے رہی ہیں اور اس کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔رویندر نے مزید کہاکہ محبوبہ مفتی نے قبائلیوں کے حوالے سے جو بیان دیا,وہ گمراہ کن ہے کیونکہ سال 1947میں پاکستانی آرمی نے جموں وکشمیر پر حملہ کیا اور فوج کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر کے لوگوں نے اُن کا مقابلہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ شیر وانی کو کون بھول سکتا ہے کہ انہوں نے قبائلیوں کے خلاف جنگ لڑی ۔
محبوبہ مفتی اور دوسرے لیڈران کو سرکاری کوٹھیاں خالی کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں رویندر رینا نے کہاکہ جب بھاجپا کے لیڈروں کو متعلقہ محکمہ کی جانب سے نوٹس موصول ہوگی تو ہم بھی اپنے کوار ٹر خالی کردیں گے۔انہوں نے کہاکہ ملک کے خلاف سخت بیانات دینے والوں کے ساتھ اب سختی کے ساتھ نپٹا جائے گا۔
فاروق عبداللہ کی جانب سے مستعفی ہونے کے بارے میں بھاجپا صدر نے کہاکہ فاروق صاحب ایک قدر آور لیڈر ہیں۔انہوں نے کہاکہ فاروق عبداللہ کافی بزرگ ہیں اور ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے۔