جموں وکشمیر آج سے ہلکی برفباری و بارش کا امکان،شبانہ درجہ حرارت میں بہتری وادی کشمیر کے کئی بالائی مقامات، لہہ میں ہلکی برفباری اور بارشیں

Photo: Amaan Farooq

سری نگر// محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق، 9 دسمبر کی شام سے 10 دسمبر کے دوران وادی کے میدانی علاقوں میں 1سے2 انچ اور بالائی علاقوں میں تقریباً 10 انچ تک برفباری کا امکان ہے۔ اسی دوران گزشتہ شب لداخ کے لیہہ کے علاوہ گلمرگ سمیت وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے یہاں بتایا کہ گلمرگ میں 0.6 سینٹی میٹر اور لیہہ میں 0.5 سینٹی میٹر برف باری ہوئی ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ سونمرگ اور وادی کے کچھ بالائی علاقوں سے برف باری کی اطلاعات ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ پہلگام میں 2.0 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ کوکرناگ میں صبح ساڑھے آٹھ بجے تک بارش کے آثار تھے۔
دریں اثنا، گزشتہ شب، بادل چھائے رہنے کی وجہ سے کم سے کم درجہ حرارت میں اضافہ ہوا۔
محکمہ موسمیات کے عہدیدار نے بتایا کہ سری نگر میں گزشتہ رات منفی 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم از کم 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔جو سال کے اس وقت کے لیے سرینگر میں معمول سے 1.6 ڈگری سنٹی گریڈ زیادہ تھا۔
قاضی گنڈ میں گزشتہ رات منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے گیٹ وے ٹاون کے لیے درجہ حرارت معمول سے 1.0 ڈگری سنٹی گریڈ زیادہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام میں گزشتہ رات سیزن کے منفی 3.6ڈگری سنٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 0.7ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور یہ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے مشہور سیاحتی مقام کے لئے معمول سے 3.9 ڈگری سنٹی گریڈ زیادہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ کوکرناگ میں گزشتہ رات منفی 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 1.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور یہ اس جگہ کے لیے معمول سے 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔
عہدیدار نے بتایا کہ گلمرگ میں گزشتہ رات منفی 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اہلکار نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں دنیا کے مشہور سیاحتی مقام کے لیے یہ معمول سے 0.7 ڈگری سنٹی گریڈ زیادہ تھا۔
اہلکار نے بتایا کہ کپواڑہ قصبے میں، پارہ 1.0 ڈگری سنٹی گریڈ درج ہوا جبکہ گزشتہ رات منفی 2.5 ڈگری سنٹی گریڈ تھا۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کشمیر کے لیے یہ معمول سے 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔
جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 12.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات 7.6 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جموں و کشمیر کے سرمائی دارالحکومت کے لیے معمول سے 2.7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔
بانہال میں کم سے کم درجہ حرارت 4.8ڈگری سنٹی گریڈ، بٹوت میں 4.4 ڈگری سنٹی گریڈ، کٹرہ میں 11.0 ڈگری سنٹی گریڈ اور بھدرواہ میں 4.5 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
لداخ، لیہہ میں منفی 4.8 ڈگری سنٹی گریڈ، کرگل منفی 5.6 ڈگری سنٹی گریڈ اورسائبیریا کے بعد دنیا کا دوسرا سرد ترین مقام دراس میں 5.6 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جموں اور کشمیر کے میدانی علاقوں میں 9سے10 دسمبر کو وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔ 9کی رات سے 10کی دوپہر کے دوران کشمیر کے میدانی علاقوں میں ہلکی برفباری (1-2 انچ) کا امکان ہے جبکہ بالائی مقامات پر 9سے10 انچ برفباری ہو سکتی ہے”۔
اگرچہ اس دوران کسی بڑی برفباری کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے، لیکن محکمہ موسمیات کے اہلکار نے کہا کہ 9سے10 دسمبر کے دوران سنتھن ٹاپ، مغل روڈ، رازدان پاس، بانڈی پورہ-گریز، زوجیلا پر سطحی نقل و حمل میں عارضی خلل پڑ سکتا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ12 اور 13 دسمبر کی رات کو ایک کمزور وسٹرن ڈسٹربینس جموں و کشمیر سے ٹکرانے کی بھی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ کپوارہ، بانڈی پورہ اور گاندربل میں اس کے زیر اثر بلند مقامات پر برف باری کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد 18 نومبر تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔