غلام احمد میر پردیش کانگریس کی صدارت سے مستعفی

نیوز ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی میں اندرونی لڑائی جھگڑے کے درمیان، جے کے پی سی سی صدر غلام احمد میر نے بدھ کو ریاستی یونٹ کے سربراہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی کو لکھے ایک خط میں میر نے کہا” میرے متعلق پارٹی قیادت کا ہر فیصلہ ایک با اصول سپاہی کی طرح قابل قبول ہوگا”.
انہوں نے خط میں کہا، “پارٹی کی بہترین روایات کے مطابق، میں نے کانگریس صدر کو جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کا اگلا سربراہ مقرر کرنے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اپنا استعفیٰ نامہ پیش کیا”۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر کانگریس ایک طویل عرصے سے اندرونی دھڑے بندی سے جوجھ رہی ہے، جس میں کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد کا بھی ایک گروہ شامل ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ آزاد دھڑے کے کئی رہنماؤں نے گزشتہ سال جموں و کشمیر میں قیادت میں تبدیلی کے مطالبے کی حمایت میں اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
غلام احمد میر، جنہیں مارچ 2015میں جموں و کشمیر کانگریس کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا، گزشتہ سات برسوں سے ریاستی یونٹ کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔